چانکیہ پوری گیسٹ ہاوس کا معائینہ کیا ، مکینوں کو دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا
سہولیات میں بہتری لانے کی ہدایت دی
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج جے اینڈ کے ہاوس چانکیہ پوری میں اضافی اقامتی سہولیات کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ 4 منزلہ مجوزہ بلاک 24 کمروں پر مشتمل ہو گا ۔ بلاک آگ سے بچاؤ کے جدید ترین قواعد و ضوابط کے تحت تعمیر کیا جائے گا ۔ وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ و تعمیراتِ عامہ سنیل کمار شرما ، فائنانشل کمشنر کے بی اگروال ، پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر آر کے گپتا ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور جے کے ہاوس کے منتظمین اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پر پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو پروجیکٹ کے بارے میں تفصیل دی ، جس کی تعمیر مہمانوں کی آمد میں اضافے کے سبب لازمی بن گئی تھی ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو جے کے ہاوس ، 5 پرتھوی راج روڈ نئی دہلی کی تجدید و توسیع کے بارے میں بھی جانکاری دی جس پر 1.28 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور جو اگلے چھ ماہ کے اندر مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھنے کے فوراً بعد محبوبہ مفتی نے گیسٹ ہاوس کے مختلف بلاکوں کا دورہ کر کے وہاں قومی راجدھانی کے دورے پر آنے والے ریاستی باشندوں کیلئے دستیاب سہولیات کا از خود معائینہ کیا ۔ انہوں نے کمروں کی حالت بہتر بنانے ، باورچی خانوں کی صحت و صفائی اور احاطے کی صفائی ستھرائی میں بہتری لانے کیلئے موقعہ پر ہی ہدایات دیں ۔ انہوں نے خصوصی طور گیسٹ ہاوس کے بستروں اور باورچی خانوں کے ساز و سامان میں جدت لانے کی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے گیسٹ ہاوس میں مقیم مریضوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت دی جو یہاں مہلک بیماریوں کے علاج و معالجہ کیلئے آئے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے بعد میں قومی راجدھانی اور ملک کے دیگر بڑے شہروں بشمول ممبئی ، چندی گڑھ اور امرت سر میں ریاستی املاک سے متعلق تٖاصیل کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی میٹنگ کی صدارت کی ۔ محبوبہ مفتی نے جے کے ریذیڈنٹ کمیشن حکام کو ان املاک کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کیلئے کہا ۔