نئی دہلی، 19 اگست (یو این آئی) کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے اور اپوزیشن لیڈر اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے لیٹرل انٹری کے معاملے پر مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرکے وہ ریزرویشن ختم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
مسٹر کھڑگے نے کہا ”حکومت کے لیٹرل انٹری کا بندوبست آئین پر حملہ کیوں ہے؟ سرکاری محکموں میں نوکریاں بھرنے کی بجائے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی )نے گزشتہ 10 برسوں میں حکومت ہند کے حصے بیچ کر صرف پی ایس یوز میں 5.1 لاکھ پوسٹیں ختم کر دی ہیں۔ کیژول اور کنٹریکٹ بھرتیوں میں 91 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 2022-23 تک ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کی 1.3 لاکھ پوسٹوں میں کمی کی گئی ہے۔
کانگریس کے صدر نے کہا "ہم مخصوص شعبوں میں منتخب ماہرین افراد کو مخصوص عہدوں پر ان کی افادیت کے مطابق تعینات کرنے کے لیے لیٹرل انٹری لائے تھے، لیکن مودی حکومت نے لیٹرل انٹری کا انتظام حکومت میں ماہرین کی تقرری کے لیے نہیں کیا بلکہ دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق چھیننے کے لیے کی یہ تقرریاں کی ہیں ۔ ایس سی، ایس ٹی، او بی سی، ای ایس ڈبلیو کے عہدے اب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) کے لوگوں کے پاس جائیں گے۔ یہ ریزرویشن چھین کر آئین کو بدلنے کی بی جے پی کی بھول بھلیاں ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا ’’ لیٹرل انٹری دلتوں، او بی سی اور قبائلیوں پر حملہ ہے۔ بی جے پی کا رام راجیہ کا مسخ شدہ ورژن آئین کو تباہ کرنا اور بہوجنوں سے ریزرویشن چھیننا چاہتا ہے۔