کہاآج جموں و کشمیر تیز رفتار سے ترقی کر رہا ہے اور مختلف شعبوں میں نمایاں تبدیلی رونما ہو رہی ہے
عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے جامع اور تیز رفتار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اہم اقتصادی شعبوں کی تبدیلی کا آغاز کیا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر
لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍لیفٹیننٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج نئی دہلی میں شری رام کالج آف کامرس کے زیر اہتمام بزنس کنکلیو 2024 سے خطاب کیا ۔ اپنے کلیدی خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر یو ٹی کی کامیابیوں اور اس کے مستقبل کیلئے وژن کا اشتراک کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ آج جموں و کشمیر تیز رفتار سے ترقی کر رہا ہے اور مختلف شعبوں میں نمایاں تبدیلی رونما ہو رہی ہے ۔ ہم نے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے جامع اور تیز رفتار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے اہم اقتصادی شعبوں کی تبدیلی کا آغاز کیا ہے ‘‘۔
ایس آر سی سی کے طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں مختلف شعبوں میں چیلنجوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آج جموں و کشمیر اختراعات ، صنعتوں ، سیاحت ، تعلیم ، کھیل ، زراعت ، صحت ، کاروباری اور دستکاری کا مرکز بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامع ترقی کے تئیں انتظامیہ کی وابستگی نے محروم طبقات ، نوجوانوں ، خواتین اور کسانوں کیلئے اپنی حقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ایک ساز گار ماحول پیدا کیا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم نے خوف سے پاک ، بدعنوانی سے پاک اور دہشت گردی سے پاک جموں و کشمیر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر مرکوز گورننس ، عوامی خدمات کی فراہمی کا موثر طریقہ کار ، پراجیکٹ کی تکمیل کی تیز رفتاری ، فلاحی اسکیموں کے بہتر نتائج اور سب کیلئے یکساں مواقع نے عام آدمی کو بااختیار بنایا ہے اور زندگی کی آسانی کو بہتر بنایا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ان کیلئے پالیسی صرف کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہے بلکہ عوام کے خواب اور خواہشات ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ہم نے عام آدمی کو پالیسی سازی میں اسٹیک ہولڈر بنایا ہے اور ان کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں ۔ جموں و کشمیر ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور فزیکل کنیکٹیویٹی میں ملک میں نمایاں پیش قدمی کر رہا ہے ۔ سمارٹ سٹی پراجیکٹس نے شہری تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے اور نوجوانوں کی خواہشات اور خواب پروان چڑھ رہے ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے معزز ادارے کی انتظامیہ ، فیکلٹی اور طلباء کو بھی مبارکباد دی ۔ اس موقع پر پرنسپل شری رام کالج آف کامرس پروفیسر سمرت کور ،کالج کے فیکلٹی ممبران ، ممتاز شہری اور طلباء نے شرکت کی ۔