جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے منشیات کے خلاف صفربرداشت:لیفٹیننٹ گورنر
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج محکمہ داخلہ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ، ڈی جی پی آر آر سوائن،پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ چندراکر بھارتی، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کو سیکورٹی گرڈ، پولیس ڈیٹا سینٹر کے قیام، فارنسک صلاحیتوں کو جدید بنانے اور سیکورٹی سے متعلق اَخراجات (ایس آر ای) کے تحت دیگر منصوبوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ سرکاری عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات کی تنصیب اور آپریشنل کارکردگی کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں ڈرگ ڈی ایڈکشن سینٹروں کو فعال کرنے اور منشیات کی بدعت سے نمٹنے کے اُقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ ہم نے جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ پولیس، سول اِنتظامیہ اور لوگوں کو اس بدعت کو ختم کرنے کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔‘‘
اُنہوںنے پولیس اور متعلقہ اِداروں کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پربات کی۔ اُنہوں نے نئے فوجداری قوانین کی عمل آوری کے لئے محکمہ کی طرف سے اُٹھائے گئے اَقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جو یکم ؍جولائی 2024 ء سے نافذ العمل ہوں گے۔ اُنہوں نے محکمہ کو نئے فوجداری قوانین کے بارے میں پولیس اہلکاروں کی مناسب تربیت کی بھی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جیل کے مؤثر انتظام پر زور دیا اور پی ایم ڈی پی کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔