نون وَن بیس کیمپ کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
اننت ناگ؍؍لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے آج پہلگام میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میںشری اَمرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں سی اِی او شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، آئی جی پی کشمیر ودھی کمار بردی، سیکرٹری تعمیراتِ عامہ ( آر اینڈ بی) محکمہ بھوپندر کمار،صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری،ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سیّد فخر الدین حامد اور ایس اے ایس بی، سیکورٹی فورسز، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا روٹ پر پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں، ڈاکٹروں اور نرسنگ عملے، ڈیوٹی اَفسران، راحت اور بچاؤ ٹیموں اور صفائی عملے کی تعیناتی پر تبادلہ خیال کیا۔
اُنہوں نے ہدایت دی کہ متعلقہ محکموں کی طرف سے تیار کردہ سہولیات کے مؤثر کام کاج کی نگرانی کرنے کے لئے وقف افسران کو تعینات کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یاتری جموں کشمیر کے برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ تمام شراکت دار محکمے، پولیس، سیکورٹی فورسز اور خدمات فراہم کرنے والوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے بغیر کسی پریشانی یاترا کے بہترین اِنتظامات کو یقینی بنائے گی۔ میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ محفوظ اور آسان یاتراکے لئے سہولیات کے حوالے سے خاطر خواہ بہتری لائی گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا روٹ پر اِنتظامات، آکسیجن سلنڈروں کا مناسب سٹاک اور کسی بھی طبی ایمرجنسی صورتحال کے لئے ایمبولینس اور ہیلی کاپٹروں کی تعیناتی پر زور دیا۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پہلگام میں نون وَن بیس کیمپ میں یاتریوں کے لئے موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔