ہم زراعت اور متعلقہ شعبوں پر منحصر 70 فیصد آبادی کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے پُرعزم ہیں: لیفٹیننٹ گورنر
کہایونیورسٹی نے گزشتہ چار برسوںمیں 25 پیٹنٹ حاصل کئے ہیں اور 26 سٹارٹ اَپ قائم کئے ہیں جن میں سے 17 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کے طور پر رجسٹرڈ ہیں
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج اہم بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا اور سکاسٹ کشمیر کے نئے تعلیمی پروگراموں کا آغاز کیا۔اُنہوں نے جن پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا ان میں شالیمار کنونشن سینٹر، کوہیماران ہوسٹل اور ڈِسکوری بلڈنگ شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں پر اَنحصار کرنے والی 70 فیصد آبادی کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے یو ٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ نئی ڈِسکوری بلڈنگ طلبأ کو آرٹیفیشل اِنٹلی جنسی اور مشین لرننگ کی سہولیات فراہم کرے گی اور کسانوں کی آمدنی کو بہتر بنانے کے لئے دیرپا زرعی ٹیکنالوجی تیار کرنے کے ویژن کو حاصل کرنے کے لئے اہم ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سکاسٹ کشمیر کے اَپنے تعلیمی پروگراموں میں’’ اختراعات اور اَنٹرپرینور شپ‘‘کو شامل کرنے اور اختراعات کا ماحول پیدا کرنے کے لئے سکاسٹ کشمیر کی سراہناکی۔ اُنہوں نے کہا کہ آج شروع کئے گئے نئے تعلیمی یو جی اور ماسٹرز پروگرام مستقبل میں زراعت پر مبنی صنعت اور زرعی سیاحت کے لئے ہنرمند تربیت یافتہ انسانی وسائل تیار کریں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ سکاسٹ کشمیر ملک میں’’ٹاپ انوویشن لیڈ فارم یونیورسٹی‘‘ کے طور پر اُبھرنے کے لئے تیار ہے جس کے تحت روزی اور کم شماریاتی زراعت کو ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی معیشت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔یونیورسٹی نے گزشتہ چاربرسوں میں 25 پیٹنٹ حاصل کئے ہیں اور 26 سٹارٹ اَپ قائم کئے ہیںجن میں سے 17 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی منڈی کے اشتراک سے سکاسٹ کشمیراس برس سے آرٹیفیشل اِنٹلی جنس کاکورس بھی شروع کر رہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے قوم کی تعمیر میں کسان کمیونٹی اور زراعت اوراِس سے منسلک شعبے سے وابستہ تمام شراکت داروں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ آج ڈرون، آرٹیفیشل اِنٹلی جنس، مشین لرننگ، اِنٹرنیٹ آف تھنگز، بلاک چین جیسی تمام سہولیات اور ٹیکنالوجیاں ہمارے نوجوانوں کو جموں وکشمیر میںزراعت اور فوڈ پروسسنگ شعبے کی صلاحیتوں کا اِدراک کرنے کے لئے بااِختیار بنانے کے لئے دستیاب کی جارہی ہیں ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام (ایچ اے ڈی پی) کی عمل آوری میں سکاسٹ کشمیر کے وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران اور طلبأ کی بھی سراہنا کی۔ اُنہوں نے زراعت پر مبنی صنعتوں کے ماحولیاتی نظام کو مزید مستحکم بنانے اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لئے ان سے تعاون طلب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سکاسٹ کشمیر کے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے ورکنگ ماڈل کی بھی نقاب کشائی کی اور یونیورسٹی احاطے میں ایک پودا لگایا۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر پروفیسر نذیر احمد گنائی،سربراہان، سینئر افسران، فیکلٹی ممبران اور طلباء بھی موجود تھے۔