جموں سرینگر شاہراہ پر ڈگڈول اور پنتھال کے نزدیک پسیاں گر آنے کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا۔ اتوار کے روز درماندہ گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت ہوگی/حکام
سرینگر // لہیہ سرینگر شاہراہ پر زوجیلا کے نزدیک پھنسے ہوئے مزید 150ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کو بچاو ٹیم نے محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا ۔ حکام کے مطابق 29گھنٹے تک انتظامیہ نے وہاں پر آپریشن چلایا اور شدید برفباری کے بیچ لوگوں کو باہر نکالا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زوجیلا کے نزدیک تین سے چار فٹ برف جمع ہے جبکہ مسلسل برفانی تودے نیچے گر آرہے ہیں۔ ادھر جموں سرینگر شاہراہ پر ڈگڈول ، پنتھال کے نزدیک پسیاں گر آنے کے نتیجے میں شاہراہ کو بند کیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام کے مطابق اتوار کے روز صرف درماندہ گاڑیوں کو ہی آگے جانے کی اجازت ہوگی ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق لہیہ سرینگر شاہراہ پر زوجیلا کے مقام پر پچھلے تین دنوں سے برفباری ہو رہی ہے۔ نمائندے نے بتایا کہ شاہراہ پر تین سے چار فٹ تک برف جمع ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کو سونہ مرگ اور کرگل میں روک دیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ زوجیلا کے نزدیک بھاری برفباری کے باعث 150کنڈیکٹر اور ڈرائیور طوفان میں پھنس کر رہ گئے تھے جنہیں بچاو ٹیموں نے محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔ حکام نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ گاندربل اور کرگل نے مشترکہ طورپر29گھنٹوں تک آپریشن جاری رکھا اور جو بھی ڈرائیور اور کنڈیکٹر زوجیلا کے نزدیک پھنسا ہوا تھا اُنہیں محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا ۔ حکام کے مطابق زوجیلا کے نزدیک مسلسل برفباری تودے گر آرہے ہیں اور پچھلے بارہ گھنٹوں کے دوران وہاں پر 15برفبانی تودے گر آئے جس دوران ایک گاڑی بال بال بچ گئی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ کو قابلِ آمدورفت بنانے کی خاطر بیکن عملہ کام کر رہا ہے تاہم موسم خراب ہونے کے نتیجے میں اہلکاروں کو برف ہٹانے میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔ نمائندے کے مطابق سونہ مرگ اور کرگل میں گاڑیوں کو روک دیا گیا ہے اور کسی کو بھی زوجیلا کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔ ادھر جموں سرینگر شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کیا گیا ہے کیونکہ ڈگڈول ، پنتھال اورمرگول کے نزدیک پسیاں گر آنے کے باعث ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔ ٹریفک کنٹرو ل روم کی ایک اطلاع کے مطابق سنیچر کے روز صرف آدھے گھنٹے تک شاہراہ پر ٹریفک بحال رہا جس کے بعد مختلف مقامات پر پسیاں گر آئیں ۔ انہوںنے کہاکہ تین سو کلومیٹر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کو روک دیا گیا ہے ۔ ٹریفک حکام کے مطابق موسم ٹھیک رہنے کی صورت میں اتوار کے روز صرف درماندہ گاڑیوں کو سرینگر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت ہوگی۔