پائین شہر میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف احتجاج کا دائرہ وسیع، مارکیٹ بند، ٹریفک معطل
یواین آئی
سری نگر؍؍پائین شہر کے نوہٹہ، گوجوارہ اور راجوری کدل میں جمعرات کے روز مردو زن نے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے۔معلوم ہوا ہے کہ نوہٹہ، گوجوارہ اور راجوری کدل میں دھرنے کے باعث صورہ لالچوک شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی ہے۔پولیس کے سینئر آفیسران مظاہرین کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم وہ احتجاج کرنے پر بضد ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز پائین شہر کے گوجوارہ اور راجوری کدل علاقوں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے۔نامہ نگار نے بتایا کہ راجوری کدل اور گوجوارہ چوک میں خواتین اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے دھرنا دیا جس وجہ سے لالچوک صورہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی۔انہوں نے بتایا کہ سمارٹ میٹرز کے خلاف گوجوارہ اور راجوری کدل میں دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے ٹھپ ہے۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مظاہرین نے بتایا کہ چونکہ شہر خاص کے لوگ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گزر بسر کر رہے ہیں اور وہ اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ میٹرز کے حساب سے بجلی فیس ادا کر سکے۔انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ڈی محکمہ کی جانب سے کئی علاقوں کی بجلی کاٹ دی گئی جس وجہ سے مریضوں کی حالت متغیر ہوئی ہے۔مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر بجلی میٹرز کو نصب کرنے کا سلسلہ فوری طورپر روک نہیں دیا گیا تو وہ سڑکوں پر بیٹھ جائیں گے اور اگر اس دوران کوئی ناخوشگوار واقع رونما ہوا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر عائد ہوگی۔لوگوں نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی لیڈر شپ کو بھی ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چناو کے دوران وہ وہ گھر جا کر لوگوں سے ووٹ مانگتے پھرتے ہیں لیکن آج جب لوگوں کو ان کی ضرورت تھی تو وہ گھروں میں بیٹھ گئے۔انہوں نے کہاکہ مین اسٹریم پارٹیوں کی جانب سے اس معاملے پر خاموشی اختیار کرنا حیران کن ہے اور گرمی کے ان ایام میں بجلی کاٹنے کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔دریں اثنا پولیس کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی دھرنا ختم کرئے تاہم لوگوں نے کہاکہ جب تک میٹرز کی تنصیب کا فیصلہ واپس نہیں لیا جاتا وہ اپنا پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔علاوہ ازیں سہ پہر ساڑھے تین بجے کے قریب شہام پورہ نوہٹہ میں بھی خواتین کی ایک بڑی تعداد نے میٹرز کی تنصیب کے خلاف احتجاجی دھرنا دیاجس وجہ سے لالچوک درگاہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی۔