سابق وزیر اعلیٰ وپی ڈی پی اُمیدوارانتخابی مہم کے ساتھ خطہ پیرپنچال میں وارد ،چندی مڑھ سے روڈ شو کا کیا آغاز
منظور حسین قادری
سرنکوٹ؍؍جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور اننت ناگ راجوری پونچھ سے پارٹی کی امید وار محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ عوام جموں و کشمیر کے تشخص کے لئے حق رائے دہی کا استعمال کریں ۔موصوفہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ضلع پونچھ کے چندی مڑھ علاقہ میں ایک روڈ شو کے دوران کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر 2019 کے بعد بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور یہاں کے لوگ عدم تحفظ میں اپنی زندگی گزار رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ جو ملک گاندھی کا ملک ہے اسی ملک میں ہندو کو ’دھرم ورودھی ‘سکھ کو ’خالصتانی‘ اور ‘‘ہمیں تو ’پار کا ‘کہا جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے حوالے سے 2019میں لئے فیصلے جموں و کشمیر کی عوام کو کسی بھی صورت منظور نہیں ہیں ۔انہوں نے اپنے پیر پنچال کے دورہ کی ابتدا پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ راجوری پونچھ وہ واحد پارلیمانی نشست ہے جس پر پوری ملک کی نظر ہے جس میں ہندو ،مسلم ،سکھ بالخصوص گوجر پہاڑی سب مل کر پی ڈی پی کو سپورٹ کریں اور ووٹ دیں ۔
انہوں نے کہا کہ میرے لئے تمام اقوام ایک جیسی ہیں محبوبہ نے راجوری میں حالیہ دنوں مارے گئے شخص کی موت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حالات معمول پر نہیں ہیں اور پکڑ دھکڑ جاری ہے ایسے میں حالات ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی جب مرحوم مفتی محمد سعید کی قیادت میں 2002میں برسر اقتدار آئی تو انہوں نے خطہ پیر پنچال کو وادی سے ملانے کے لیے مغل شاہراہ کی تعمیر کو یقینی بنایا اور خطہ پیر پنچال میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونورسٹی کا قیام عمل میں لایا ۔
ان کا کہنا تھا مفتی محمد سعید اور انہوں نے اس خطہ میں عوام کے بہت سے کام انجام دیے جو گزشتہ سات دہائیوں میں نہیں ہو سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں کے لوگوں سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز کو ایوان بالا میں پہنچانے کے لیے انہیں ووٹ کریں واضح ہو کہ قبل از محبوبہ مفتی نے اپنے حواریوں ساتھ اس انتخابی پرچار کا آغاز کیا جہاں چندی مڑھ میں والہانہ استقبال کیا۔