ریٹائرڈ ایس ایس پی جیون شرما نیشنل کانفرس میں شامل ہوئے،پارٹی عہدیداران نے خیر مقدم کیا
لازوال ڈیسک
جموں جموں و کشمیر پولیس سے ریٹائرڈ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جیون شرما اور بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر اور سابق ڈپٹی میئر پورنیما شرما کے بھائی نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر شیر کشمیر بھون میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔واضح رہے جیون شرما نے سابق وزیر اور جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سکریٹری اجے کمار سدھوترا، جموں ڈویژن کے پارٹی کے صوبائی صدر، رتن لال گپتا، سابق وزیر اور پارٹی کے سینٹرل زون کے صدر بابو رام پال، ضلع صدر کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
وہیںسابق وزیر اجے سدھوترہ نے جیون شرما کا پارٹی میں خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی حمایت سے جموں میں پارٹی مضبوط ہوگی۔ انہوں نے بی جے پی کی حکمرانی سے لوگوں کے بڑھتے ہوئے مایوسی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ عوام بی جے پی کے ادھورے وعدوں اور ٹھوس کارروائی کے فقدان سے تنگ آچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ اب نیشنل کانفرنس کی طرف متوجہ ہورہے ہیں، یہ دیکھ کر کہ وہ واحد پارٹی ہے جو اس سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
رتن لال گپتا نے جیون شرما کا خیر مقدم کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں بی جے پی کی مقبولیت میں کمی کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مقبولیت کا گراف مسلسل گرتا جا رہا ہے۔ حال ہی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا ووٹنگ حصہ نمایاں طور پر نیچے آیا ہے۔ یہ واضح ہے کہ لوگ بی جے پی سے اعتماد کھو رہے ہیں اور ایک قابل اعتماد متبادل کی تلاش میں ہیں۔ کانفرنس جموں و کشمیر کے لوگوں کی خدمت کا ثابت شدہ ٹریک ریکارڈ رکھنے والی واحد جماعت کے طور پر کھڑی ہے۔
اس موقع پربابو رامپال نے بھی اجتماع سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ریاست کی بہتری کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ این سی جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں ہمیشہ سب سے آگے رہی ہے۔اس موقع پرجیون شرما نے نیشنل کانفرنس کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صرف این سی ہی جموں و کشمیر کے لوگوں کو موجودہ سنگین صورتحال سے نکال سکتی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کے لیے پرعزم ہوں۔ جنہوں نے ہمیشہ خطے کی فلاح و بہبود اور ترقی کو ترجیح دی ہے۔اس دوران پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران نے نئے شرکاءکا خیر مقدم کیا۔