چیف سیکریٹری نے وکشت بھارت سنکلپ یاتراکی پیش رفت کاجائزہ لیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے یو ٹی میں جاری ملک گیر وکشت بھارت سنکلپ یاترا ( وی بی ایس وائی ) میں لوگوں کی پیش رفت اور شرکت کے سلسلے میں ڈی سیز اور حکومت ہند نے مقرر کردہ ضلع پربھاریوں سے جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل ( یو ٹی پربھاری ) ، ڈویژنل کمشنر کشمیر /جموں ، سیکرٹری کان کنی ، سیکرٹری منصوبہ بندی ، ڈی جی منصوبہ بندی اور دیگر متعلقین نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے اس یاترا کو اب تک کامیاب بنانے کیلئے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ رفتار کو جاری رکھیں اور لوگوں کے جوش کو کم نہ ہونے دیں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ مقامات پر متعدد سرگرمیاں منعقد کر کے اسے متحرک بنائیں ۔ مسٹر ڈولو نے متعلقہ افراد کو سماج کے تمام کمزور طبقوں تک پہنچنے اور استفادہ کنندگان پر مبنی تمام اسکیموں کو پورا کرنے کا ہدف بنانے کیلئے زور دیا ۔ انہوں نے ان سے تمام پنچائتوں کا احاطہ کرنے اور سرکاری اسکیموں اور پروگراموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے عوام میں تشہیری مواد کی تقسیم سمیت لائیو ڈرون پریذنٹیشنز دکھانے کو کہا ۔ انہوں نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ پورٹل میں تفصیلات کی تازہ کاری کے ساتھ فوری طور پر کام کریں ۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ اس یاترا کے تحت تصور کی گئی ہر سرگرمی ہر گاؤں میں عمل میں لائی جائے اور پورٹل میں ڈیٹا فیڈ کیا جائے ۔ انہوں نے اسکول کے بچوں ، خواتین اور بوڑھوں سمیت تمام عمر کے گروپوں کیلئے یاترا کو دلچسپ بنانے کیلئے کہا ۔ مسٹر ڈولو نے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں اور نامزد ضلع پربھاریوں سے اس قسم کی سرگرمیوں ، مظاہروں اور اس طرح کی سرگرمیوں میں لوگوں کی شرکت کے بارے میں بھی بصیرت طلب کی ۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسی کو مشورہ دیا کہ وہ ڈرون پریذنٹیشنز کیلئے پائلٹوں کی تعداد میں اضافہ کرے اور ساتھ ہی ہر گاؤں میں مرکزی مقامات پر وی بی ایس وائی وینوں کو کھڑا کرے ۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل حکومت ہند روہت کنسل ، جو جموں و کشمیر کیلئے یو ٹی پربھاری بھی ہیں ، نے جموں و کشمیر کی اب تک کی کارکردگی پر اپنا اطمینان ظاہر کیا ۔ اپنی پرذنٹیشن میں سیکرٹری منصوبہ بندی پیوش سنگلا نے 15 نومبر سے کی گئی مختلف سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ، جب یہاں یو ٹی میں یاترا شروع ہوئی تھی ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 2516 گرام پنچائتوں میں آج تک تقریباً 1047500 لوگوں نے حصہ لیا جن میں سے 842955 نے سنکلپ کا عہد لیا اور 1257625 ’’میری کہانی میری زبانی ‘‘ کے مستفید تھے ۔