وزیر اعظم نریندر مودی ایک بار پھر وارانسی سے انتخابی میدان میں ،امت شاہ گاندھی نگر سے میدان میں اتریں گے
ادھم پور سے ڈاکٹر جتیندرا سنگھ اور جموں سے جگل کشور کو میدان میں اتارا،سرینگر نشست کیلئے ڈاکٹر درخشاں ریس میں آگے
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بی جے پی نے لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کر دی ہے جس میں اتر پردیش کی 51، مغربی بنگال کی 26 اور مدھیہ پردیش کی 24 پارلیمانی سیٹوں کے لیے امیدوار طے کر دیے ہیں۔واضح رہے بی جے پی نے لوک سبھا انتخاب 2024 کو پیش نظر رکھتے ہوئے آج امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کر دی۔ پارٹی نے ہفتہ کے روز اپنے امیدواروں کی جو فہرست جاری کی ہے اس میں 16 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام خطوں کی مجموعی طور پر 195 سیٹوں کا فیصلہ ہو گیا ہے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ونود تائوڑے نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ جانکاری دی، اور ساتھ ہی بتایا کہ باقی پارلیمانی سیٹوں پر گفت و شنید کا دور چل رہا ہے۔تاہم بی جے پی نے 195 پارلیمانی سیٹوں کے لیے مقرر کردہ امیدواروں کی جو فہرست جاری کی ہے اس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر وارانسی سے انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امت شاہ گاندھی نگر سے کھڑے ہوں گے اور آنجہانی سشما سوراج کی بیٹی کو نئی دہلی پارلیمانی سیٹ سے کھڑا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں 34 مرکزی و ریاستی وزراء کے نام شامل کیے گئے ہیں۔بی جے پی قومی جنرل سکریٹری ونود تائوڑے نے بتایا کہ اتر پردیش کی 51، مغربی بنگال کی 26، مدھیہ پردیش کی 24، گجرات کی 15، راجستھان کی 15، کیرالہ کی 12، تلنگانہ کی 9، آسام کی 11، جھارکھنڈ کی 11، چھتیس گڑھ کی 11، دہلی کی 5، جموں و کشمیر کی 2، اتراکھنڈ کی 3 اور اروناچل، گوا، تریپورہ، انڈمان و نکوبار، دمن و دیو کی ایک ایک سیٹ پر امیدوار طے کیے گئے ہیں۔
دریں اثناء امیدواروں کی پہلی فہرست میں کل 195 امیدواروں میں سے 28 خاتون امیدوار ہیں اور 47 امیدوار ایسے ہیں جن کی عمر 50 سال سے کم ہے۔ امیدواروں کی اس پہلی فہرست میں 27 امیدوار درج فہرست ذات کے، 18 امیدوار درج فہرست قبائل کے اور 57 امیدوار دیگر پسماندہ طبقہ سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔ دہلی کی جن پانچ پارلیمانی سیٹوں کے لیے امیدوار کا اعلان کیا گیا ہے، ان میں سے ایک تو نئی دہلی سیٹ ہے جہاں سے سشما سوراج کی بیٹی بانسری سوراج کھڑی ہوں گی، بقیہ چار سیٹوں پر رامویر سنگھ بدھوڑی (جنوبی دہلی)، پروین کھنڈیلوال (چاندنی چوک)، منوج تیواری (شمال مشرقی دہلی) اور کمل جیت سہراوت (مغربی دہلی) کو موقع دیا گیا ہے۔