لفٹینٹ گورنر نے ریشی پورہ بڈگام میں ضلع ہسپتال کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھا

0
0

’جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں ترقی ایک طاقتور عوامی تحریک بننی چاہئے‘
قیام امن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو معاشرے سے الگ تھلگ کیا جانا چاہئے
یو ٹی انتظامیہ خوف سے پاک ، دہشت گردی سے پاک ، بدعنوانی سے پاک اور مستقبل پر بنی جموں کشمیر بنانے کیلئے پرعزم : سنہا
لازوال ڈیسک

بڈگام؍؍خرمنِ امن میں آگ لگانے والوں کو الگ تھلگ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج کہاکہ جموںوکشمیرکے تمام اضلاع میں ترقی ایک طاقتور تحریک بننی چاہئے اور یو ٹی انتظامیہ خوف سے پاک ، دہشت گردی سے پاک ، بدعنوانی سے پاک اور مستقبل پر بنی جموں کشمیر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔آج بڈگام کے ریشی پورہ میں 49.32 کروڑ روپے کی لاگت سے 125 بستروں والے ضلع ہسپتال کمپلیکس کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے اس موقع پر بڈگام کے لوگوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ترقی کے حوالے سے آج کا دن ہم سب کیلئے ایک تاریخی دن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 125 بستروں پر مشتمل ہسپتال ایک ہی چھت کے نیچے صحت کی تمام سہولیات حاصل کرنے کے لوگوں کے دیرینہ مطالبہ اور خواب کو پورا کرے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ لوگوں کی صحت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور یہ پروجیکٹ چھوٹے شہروں میں صحت کی بہتر سہولیات پہنچانے ، صحت عامہ کی خدمات کی فراہمی کو مضبوط بنانے ، تکلیف کو کم کرنے اور سرینگر میں ٹرٹیری ہیلتھ کئیر مراکز کو ریفرل کرنے کے ہمارے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ‘‘ ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے شفاف اور ذمہ دار حکمرانی کے قیام کیلئے انتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ہم نے مقررہ مدت کے اندر پراجیکٹس کی تیزی سے تکمیل کے سلسلے میں گذشتہ تین برسوں میں ایک طویل فاصلہ طے کیا ہے اور لوگوں کی امنگوں اور انتظامیہ کی طرف سے لگن اور عزم کے ساتھ فراہمی کے درمیان فرق کو ختم کیا ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ عزت مآب وزیر اعظم کی رہنمائی میں یو ٹی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تندہی سے کام کر رہی ہے کہ امتیازی سلوک اور بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیاں عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور معاشرے کے محروم طبقے کو بااختیار بنانے کے مقصد سے مرتب کی گئی ہیں ۔ بڈگام میں لفٹینٹ گورنر نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ یو ٹی انتظامیہ خوف سے پاک ، دہشت گردی سے پاک ، بدعنوانی سے پاک اور مستقبل پر مبنی جموں کشمیر بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ ہم اپنے سپاہیوں اور پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک بنائیں گے ۔ یہ ہمارا عزم ہے ۔‘‘ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض ادا کریں اور جموں و کشمیر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام 20 اضلاع میں ترقی کو ایک طاقتور عوامی تحریک بننا چاہئیے اور امن کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کو معاشرے سے الگ تھلگ کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات سے فائدہ اٹھانے والے جنہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو مرکزی دھارے کی ترقی سے دور رکھا ، جنہوں نے اپنے گھر غیر ممالک میں بنائے اور اپنے بچوں کو تعلیم کیلئے بیرون ملک بھیجا وہ سمجھتے ہیں کہ سرکاری وسائل پر صرف ان کا ہی حق ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہم تنازعات کے منافع خوروں کے ماحولیاتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑنے میں کامیاب رہے ہیں اور ان تخریبی قوتوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے ۔ گذشتہ چند برسوں میں مرکزی حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی اصلاحاتی اسکیموں کا سب سے زیادہ فائدہ جموں و کشمیر کو ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ہم عزت مآب وزیر اعظم کی طرف سے شروع کی گئی پی ایم وشوکرما اسکیم کے فوائد کو پورے یوٹی میں پھیلانے اور جموں و کشمیر کے دستکاروں کی زندگیوں کو اپنے ہاتھوں اور اوزاروں سے بدلنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اہل استفادہ کنندگان کی پنچائت سطح پر شناخت کی جا رہی ہے ان کے شناختی کارڈ ضلع سطح پر تیار کئے گئے ہیں اور حتمی فہرست کو یو ٹی سطح پر مطلع کیا جائے گا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی عوام کیلئے سمارٹ سہولیات پیدا کرنے اور دیگر اضلاع کو بھی ان کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دینے کیلئے قابل ستائش کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بہت جلد سمارٹ سٹی بڈگام کا خواب پورا ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے بڈگام میں کلسٹر یونیورسٹی کے قیام کا عمل بھی شروع کیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ڈپٹی کمشنر بڈگام نے بڈگام میں کلسٹر یونیورسٹی کیلئے زمین کی تجویز پیش کی ہے ۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر اس تجویز پر کام کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ بہت جلد ہم بڈگام میں کلسٹر یونیورسٹی کشمیر کی بنیاد رکھیں گے ۔ ‘‘ چئیر مین ضلع ترقیاتی کونسل بڈگام مسٹر نذیر احمد خان نے لفٹینٹ گورنر کی زیر قیادت یو ٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مختصر مدت میں بڈگام میں ڈسٹرکٹ ہسپتال کمپلیکس کے قیام کی منظوری دی ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری ، سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈپٹی کمشنر بڈگام ، پی آر آئی کے ممبران ، سینئر افسران اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری موجود تھے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا