2 روزہ فیسٹیول جموں کشمیر یونین ٹیر ٹیری کے بھر پور میوزیکل ورثے اور لوک فن کی وراثت کی نمائش کریگا ۔ لفٹینٹ گورنر
جموں ؍؍لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج ابھینو تھیٹر جموں میں دو روزہ ثقافتی میلے ’ نیو جے اینڈ کے ۔ نیو ہوپ ‘ کا افتتاح کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں کشمیر یونین ٹیر ٹیری کے بھر پور میوزیکل ورثے اور لوک فن کی وراثت کو ظاہر کرنے کیلئے آل جے اینڈ کے فوک آرٹسٹ ایسوسی ایشن جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز ، سنگیت ناٹک اکادمی نئی دہلی اور نارتھ زون کلچرل سینٹر ، پٹیالہ کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں کشمیر آرٹ ، ادب ، حکمت اور ثقافت کا سنگم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سرزمین کو انتہائی باصلاحیت لوگوں سے نوازا گیا ہے جنہوں نے معاشرے کو متحد کیا ہے اور اپنے فن کے ذریعے قومی یکجہتی میں زبردست حصہ ڈالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے فنکاروں پر فخر ہے جیسے پدم شری حاصل کرنے والے فوک آرٹسٹ ایس رومالو رام جو جموں کشمیر کے لوک فن اور ثقافتی ورثے کو فروغ دے رہے ہیں ۔
لفٹینٹ گورنر نے یونین ٹیر ٹیری کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے فنکاروں کو پلیٹ فارم اور ضروری ہینڈ ہولڈنگ فراہم کرنے کیلئے یو ٹی انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر فنکاروں کو ان کی دلکش پرفارمنس پر مبارکباد بھی دی ۔ کلچرل فیسٹیول میں جموں کشمیر کے مختلف حصوں سے کل 450 فنکار حصہ لے رہے ہیں ۔ پرنسپل سیکرٹری محکمہ ثقافت ، سیکرٹری جے کے اے اے سی ایل ، چئیر مین آل جموں و کشمیر فوک آرٹسٹ ایسوسی ایشن ، سینئر عہدیداران ، معروف فنکار اور نوجوان بڑی تعداد میں موجود تھے ۔