یواین آئی
سری نگرنیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پاکستان کے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے جنگجو تنظیم لشکر طیبہ سے متعلق بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ ’یہ تنظیم ان ہی کی پیداوار ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلح تنظیموں وجود میں لاکر دوسروں کے لئے قبر کھودی تھی لیکن وہ خود ہی اس قبر میںگر گئے۔ فاروق عبداللہ بدھ کو یہاں جنرل (ر) پرویز مشرف کے بیان کہ ’میں لشکر طیبہ کا سب سے بڑا حامی ہوں اور مجھے پسند کرتے ہیں‘ کے ردعمل میں کہا ’لشکر طیبہ تو ان ہی کی پیداوار ہے۔ انہوں نے ہی ان گروپوں کو پیدا کیا ہے۔ ان تنظیموں کی وجہ سے پاکستان ہی برباد ہوگیا ہے۔ انہوں نے قبر دوسروں کے لئے کھودی تھی ، لیکن وہ اس قبر میں خود گر رہے ہیں۔ میری ان سے ایک ہی التجا ہے کہ خدا کے واسطے ان تنظیموں کو مت بڑھاوا دیجئے، جو نہ صرف پاکستان کو برباد کریں گی بلکہ ساتھ ساتھ دنیا کو بھی برباد کریں گی‘۔ فاروق عبداللہ کے فرزند و ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پرویز مشرف کے بیان کے حوالے سے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’ہوسکتا ہے کہ اب ہمارے کچھ نیوز چینلیں اور اینکرز اس شخص (پرویز مشرف)کے انٹرویو کے لئے کوششیں کرنے سے پرہیز کریں گے۔ واضح ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے قدم جمانے کے لئے کچھ بھی کہہ سکتے ہیں‘۔ پرویز مشرف نے گذشتہ روز پاکستان کی نجی نیوز چینل اے آر وائی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ’لشکر طیبہ کا سب سے بڑا سپورٹر (حامی) تو میں ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ وہ مجھے پسند کرتے ہیں۔ ہاں حافظ سعید بھی مجھے پسند کرتے ہیں۔ میں مل چکا ہوں ان سے۔ میں ہمیشہ کشمیر میں ایکشن کے حق میں رہا ہوں۔ میں ہمیشہ کشمیر میں انڈین آرمی کو دبانے کے حق میں رہا ہوں۔ یہ سب سے بڑا فورس ہے۔ اس کو انڈیا نے امریکہ سے مل کر دہشت گرد قرارکروادیا ہے‘۔