لاہور؍؍پاکستان ریلوے نے 22 بر س کے طویل وقفے کے بعد لاہور-واہگہ شٹل ریل سروس دوبارہ شروع کی ہے۔ روزانہ چلنے والی لاہور-واہگہ شٹل ریل سروس ہفتہ کو دوبارہ شروع ہو گئی۔ پہلے اس شٹل ریل سروس کو سات دسمبر سے شروع کیا جانا تھا تاکہ واہگہ بارڈر یا جلو پارک میں ہونے والی بیٹنگ دی ریٹریٹ کو دیکھنے کے لئے جانے والے سینکڑوں مسافر آرام سے پہنچ سکیں۔لاہور-واہگہ شٹل ریل سروس شروع کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ریلوے کے وزیر شیخ راشد نے کہا’’ہم ریل راستوں کے ذریعے لاہور میٹروپولیٹن اور اس کے مضافاتی علاقوں کو دوبارہ جوڑانا چاہتے ہیں اور لاہور-واہگہ شٹل سروس اس سمت میں پہلا قدم ہے۔آئندہ 15 دن میں لاہور سے رائی ونڈ کے درمیان مسافر ٹرین چلے گی۔ جنوری میں لاہور-گوجرانوالہ ٹرین سروس شروع کی جائے گی جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں گے‘‘۔لاہور سے چل کر شٹل ٹرین واہگہ بارڈر پہنچنے میں ایک گھنٹے کا وقت لے گی۔ جلو پارک پر رکنے سے پہلے یہ دیگر مقامی اسٹیشنوں پر بھی رکے گی اور روزانہ تین چکر لگائے گی جس سے ایک ہزار سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے۔ پاکستان ریلوے نے شٹل ٹرین کے تین ڈبوں کو مینار پاکستان اور واہگہ بارڈر پر رینجر پریڈ اور دیگر تصاویر سے سجایا ہے۔ لاہور سے واہگہ کا کرایہ 30 روپے رکھا گیا ہے۔