لازوال ڈیسک
سرینگرقبائلی اَمور محکمہ نے آج ٹاپ 20 میر ٹورئیس سکیم کے تحت سلیکشن لسٹ جاری کی ہے ۔ محکمہ نے شروع مہینے میں سکیم کا آغاز کیا جس کا مقصد 2021-22 ءکے سیشن میں میٹر ک کا اِمتحان پاس کر نے والے ٹاپ 20طلباءکو نوازنا ہے۔ سیکرٹری محکمہ قبائلی اَمور ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے کہا کہ پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی سینکڑوں درخواستوں میں سے کل 184 طلباءکو محکمہ نے شارٹ لسٹ کیا ہے ۔ مناسب جانچ پڑتال اور تشخیص کے بعد کل 22قبائلی طلباءکو ٹاپ 20سکیم کے تحت منتخب کیا گیا ہے کیو ں کہ 20 ویں نمبرپر تین طلباءکے درمیان برابری تھی ۔ اِس سکیم کو ٹرائبل ریسرچ اِنسٹی چیوٹ کے ایجوکیشن وِنگ کے ذریعے عملایا جارہا ہے ۔ایک آفیسر نے کہا کہ آج کی منتخب فہرست میں کٹ آف پوائنٹ کو 96فیصد قرار دیا گیا ہے جس میں کل 22 طلباءکی فہرست میں 14 طالبات شامل ہیں۔منتخب طلباءکو جلد ہی منعقد ہونے والی ایک شاندار تقریب میں نوازا جائے گا ۔ سکیم کے رہنما خطوط کے مطابق ان طلباءکو 50,000 روپے مالیت کا لیپ ٹاپ اور ہر طالب علم کو 25,000روپے تک سکالر شپ فراہم کیا جائے گا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ محکمہ نے پہلی بار تعلیمی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک مشق شروع کی ہے یعنی قبائلی طلباء، قبائلی آبادی میں خواندگی کی سطح اور اس کی بنیاد پر اِس طرح کے سروے قبائلی طلباءکی مخصوص تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک جامع تعلیمی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔