ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک نے جرمانہ وصول کئے جانے کا حکم دیا اور اس ضمن میں دیگر تاجروں کو بھی دیا گیا انتباہ
منظور حسین قادری
پونچھ؍؍محکمہ فوڈ سیفٹی کی جانب سے مسلسل چیکنگ کے دوران جن تاجروں کی اشیاء کے نمونے اٹھائے گئے تھے یا جو تاجرخلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے تھے انکے خلاف جو چالان کئے گئے تھے انکی سماعت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفیملک کے دفتر میں ہوئی اس دوران قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ 2006 سیکشن 51,52 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے کل ایک لاکھ چالیس ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا ۔واضح رہے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اپنی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران اپنا حکم جاری کرتے ہوئے پچھلے دو ماہ کے دوران تاجروں کے کئے گئے چالان جن میں بلاک پونچھ اور منڈی سے کل 92,500 روپے جرمانہ جبکہ بلاک مینڈھر اور سرنکوٹ سے 47500 روپے جرمانہ وصول کئے جانے کا حکم جاری کیا اور محکمہ فوڈ سیفٹی کے ذریعہ گورنمنٹ کے خزانہ میں کل ملاکر ایک لاکھ چالیس روپے جمع ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی کمشنرطارق محمود نے بتایا کہ انکی ٹیم ہمیشہ بازاروں میں چیکنگ مہم چلاکر خراب اشیاء و اشیاء کی معیار ختم ہونے کے بعد فروخت کرنے والے و کھانے پینے والی مٹھائی و دیگر اشیاء جو تازہ نہیں ہوتی ہیں ایسے تاجروں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے اور انکو عدالتی چالان دئے جاتے ہیں۔ اسی ضمن میں پچھلے دو ماہ کے دوران ضلع پونچھ کے مختلف مقامات سے ایسے تاجرین کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئی تھیں اور انکو عدالتی چالان دئے گئے تھے تاہم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر طاہر مصطفی ملک نے اپنی سماعت کے دوران ان سبھی تاجروں اور ٹریڈرز کو جرمانہ دئے جانے کا حکم نامہ سنایا جس کے بعد ایک لاکھ چالیس ہزار روپے ان تاجروں سے وصول کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید تاجرین اور ٹریڈرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہمیشہ صاف شفاف اور معیار شدہ اشیاء ہی فروخت کریں کیونکہ انکی جانب سے یہ مہم مستقبل میں بھی جاری رہے گی اور جو بھی تاجر قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا اسکے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔