محکمہ کانکنی نے کٹھوعہ میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث 05 گاڑیوں کو ضبط کیا
لازوال ڈیسک
کٹھوعہ؍؍ ضلع معدنیات آفیسر کٹھوعہ راجندر سنگھ کی قیادت میں محکمہ ارضیات اور کان کنی کی ایک ٹیم نے آج یہاں مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیا۔وہیںدورے کے دوران ضلع کے بھروال، کٹیرا، تراف تاجوال اور بسنت پور علاقوں میں غیر قانونی کان کنی اور غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث ایک لدے ڈمپر اور 04 ٹریکٹر ٹرالیوں کو ضبط کیا گیا۔ڈسٹرکٹ منرل آفیسر نے بتایا کہ مون سون کے موسم میں غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے دن اور رات کے اوقات میں کھڈوں اور ندیوں میں معمول کا چیک اپ اور چھاپے مارے جاتے ہیں اور غیر قانونی کان کنوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راکیش منہاس نے پہلے ہی محکمہ ارضیات اور کان کنی کو بارش کے موسم میں چوکنا رہنے اور معدنیات کی غیر قانونی کھدائی اور غیر قانونی نقل و حمل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔دریں اثناء ضبطی کے بعد تمام گاڑیوں کو ارضیات اور کان کنی کے محکمے کی جانب سے جرمانے کی وصولی تک پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔