ہمارا پیارا مذہب اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے ،اس میں ہر طبقے کے متعلق ہدایات موجود ہیں:علمائے کرام
سرفرازقادری
مینڈھر؍؍مرکزی عید گاہ ساگرہ دبڑاج میں جماعت اہل سنت صوبہ جموں رجسٹرڈ کے زیر اہتمام ومفتی محمدادریس ثقافی صدر جماعت اہل سنت رجسٹرڈ اکائی منکوٹ کی صدارت میں میلادالنبی ؐ کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں علمائے کرام نے سیرت مصطفیٰ اور اصلاح معاشرہ پر سیر حاصل گفتگو فرماتے ہوئے فرمایاکہ محبت رسولؐ ہی ایمان کا ایک اہم جز ہے بغیر محبت رسول ؐ کے کوئی بھی عبادت وریاضت قابل قبول نہیں ہے۔ وہیں اصلاح معاشرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے علماء نے فرمایاکہ آج ہمارے معاشرے میں شدید اخلاقی انحطاط پایا جاتا ہے۔ لوگ جوق در جوق بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں۔لوگوں نے نیکی اور بدی، حلال اور حرام کی سمجھ بوجھ رکھنا چھوڑ دیا ہے۔ آخر اس معاشرتی بگاڑ کی وجہ ہمیں غور کرنا ہوگا کہ کیا ہم بحیثیت مسلمان اپنا فرض اچھے طریقے سے ادا کررہے ہیں، کیا ہم اپنے نفس کا محاسبہ کررہے ہیں، کیا ہم سیدھے راستے پر ہیں، کیا ہم اپنے ماتحت اور اہل و عیال کی اصلاح کا ذریعہ بن رہے ہیں، کیا ہم اپنے حقوق اور فرائض اچھے طریقے سے ادا کررہے ہیں؟ ہمارا پیارا مذہب اسلام ایک مکمل نظام حیات ہے ،اس میں ہر طبقے کے متعلق ہدایات موجود ہیں کوئی طبقہ ایسا نہیں کہ جس کے بارے میں اسلام نے کوئی رہنمائی نہ کی ہو۔ اب صرف ضرورت اس بات کی ہے کہ انسان اسلام سے رہنمائی حاصل کرنے کے لئے آمادہ ہو اور اپنا تعلق اپنے حقیقی خالق و مالک سے استوار کرے اور اپنی ہر خواہش کو رب تعالیٰ کے حکم کے سامنے قربان کرے۔ کیا کبھی آپ نے سوچا کہ آخر کیوں آج ہمارے معاشرے کی حالت دگرگوں ہے،ہمارے گھر کا ماحول غیر اسلامی کیوں ہے،ہمارے خاندان کا شیرازہ کیوں بکھر رہا ہے،اور ہمارا معاشرہ اصلاح کی شاہراہ پر کیوں نہیں چل رہا؟ اس کی وجہ صرف اور صرف دین اسلام سے دوری اور اصلاح معاشرہ کے پیغمبرانہ اصولوں سے انحراف ہے، وہیں علمائے کرام نے حالیہ دنوں گورنر انتظامیہ کی جانب سے راشن اسٹور پر شراب کے حکم نامے کو منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مدرسہ حنفیہ رضویہ رضا جامع مسجد منکوٹ کے گیارہ سال کے طالب علم نے صرف ڈیڑھ سال کی مدت میں حفظ قرآن مکمل کرنے پر جماعت اہل سنت رجسٹرڈ کی جانب سے سرٹیفکیٹ سے نوازہ گیا۔ اس موقع پر خصوصیت کے ساتھ جماعت اہل سنت رجسٹرڈ ضلع پونچھ کے صدر مولاناحافظ مجید احمد مدنی،مولانامدثر قادری جوائنٹ سیکریٹری صوبہ جموں،مولانا قاری محمود رضا قادری سیکریٹری ضلع پونچھ، مولانا جاوید رضا نعیمی نائب صدر اکائی منکوٹ، مولانا یوسف رضاحیدری سیکریٹری اکائی منکوٹ، حافظ مستقیم اشرفی ترجمان اکائی منکوٹ، حافظ سرفرازاحمد خان قادری شعبہ نشر واشاعت ضلع پونچھ، مولوی خورشید، مولوی معروف، مولوی ایوب، حافظ عمر،حافظ شمشیر، مولوی فیاض، مولوی کوثرنیازی، مولوی محمدزمان،کے علاوہ کثیر تعداد میں عوام اہل سنت نے شرکت کی۔