عمرعبداللہ کے سرسجے گاتاج؛الائنس کااہم اجلاس آج

0
0

حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ بہت جلد کیا جائے گا: ڈاکٹر فاروق عبداللہ کانگریس کی چٹھی آتے ہی ہم راج بھون جائیں گے: عمر عبداللہ

لازوال ڈیسک

سری نگر؍؍نیشنل کانفرنس کے نائب صدر وگاندربل وبڈگام سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی عمرعبداللہ اپنے سرپہ ’تاج ‘پہننے کیلئے تیارہیں ،انہیں پارٹی قانون سازوں نے قانون ساز پارٹی کاسربراہ منتخب کرلیاہے اوران پراپنابھرپوراعتمادظاہرکیاہے۔

https://jknc.co.in/
تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کی نومنتخب ممبرانِ اسمبلی (لیجسلیچر پارٹی) کا ایک غیر معمولی اجلاس آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر سمیت پارٹی کے 42ممبرانِ اسمبلی نے شرکت کی۔پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تمام ممبرانِ اسمبلی کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ہدایت کی کہ وہ خود عوام کیلئے وقف رکھیں اور ہر حال میں لوگوںکی راحت رسانی کے کاموں میں جُٹ جائیں۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام گذشتہ 10سال خصوصاً 5اگست2019کے بعد سخت ترین مشکلات سے دوچار ہیں اور ہماری اولین ترجیح عوام کو راحت پہنچانا ہے اور پارٹی نے جس منشو رکے تحت الیکشن لڑا ہے ، اُس پر من و عن عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔ اس دوران اجلاس کے تمام شرکاء نے متفقہ طور پر پارٹی نائب صدر عمر عبداللہ کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر چُنا۔ عمر عبداللہ نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیاکہ اللہ کے فضل و کرم اور لوگوں کے اشتراک سے ہم سب مل کر اس ریاست کے لوگوں کی خوشحالی، فارغ البالی ،تعمیر و ترقی اور راحت رسانی کیلئے کام کریں گے۔
اس دوران 4آزاد ممبرانِ اسمبلی چودھری محمد اکرم(سرنکوٹ )، پیارے لعل شرما (اندروال)،ڈاکٹر رمیشور سنگھ (بنی)، ستیش شرما(چھمپ) پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کیساتھ ملے اور نیشنل کانفرنس کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا۔
نوائے صبح کمپلیکس پرہوئی اہم میٹنگ کے بعد نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جانکاری دی کہ جموں و کشمیر میں حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ بہت جلد کیا جائے گا۔ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ آج کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے عمر عبداللہ کو قانون ساز پارٹی کا سربراہ منتخب کیا گیا۔
حکومت سازی کا دعویٰ کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ’’حکومت تشکیل دینے کے لئے دعویٰ بہت جلد کیا جائے گا ہم لوگ ٹھہرنے والے نہیں ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا: ’’آج کی میٹنگ میں بات صرف قانون ساز پارٹی کے سربراہ کے انتخاب کے متعلق ہوئی اور تمام اراکین نے اتفاق رائے سے عمر عبداللہ کو قانون ساز پارٹی سربراہ منتخب کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ الائنس کے ساتھ کل یعنی جمعہ کو میٹنگ ہوگی۔
وہیں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ کانگریس کی چٹھی آتے ہی راج بھون میں حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا: ’’ہم کانگریس کے ساتھ بات کر رہے ہیں تاکہ ان کی چٹھی آجائے ان کی طرف سے چٹھی آجانے کے فوراً بعد ہم راج بھون جائیں گے آج کا دن ہم ان کو کارروائی کرنے کے لئے دیا ہے‘‘۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’’آج نیشنل کانفرنس کے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں لیڈر کا فیصلہ کیا گیا، میں تمام لیجسلیٹرز کا شکر گذار ہوں جنہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا اور مجھے یہ موقع دیا کہ میں راج بھون جا کر وہاں لیفٹیننٹ گورنر کو حکومت تشکیل دینے کا دعویٰ کر سکوں‘‘۔
انہوں نے کہا: ’’فی الحال کانگریس کے ساتھ بات چل رہی ہے تاکہ ان کا سپورٹ حاصل کیا جا سکے‘‘۔ان کا کہنا تھا: ’’آج چار کامیاب آزاد امیدواروں نے نیشنل کانفرنس کو سپورٹ دیا ہے جس سے ہماری سیٹوں کی تعداد بڑھ کر 46 ہوگئی‘‘۔حکومت سازی کے لئے راج بھون جانے کے متعلق پوچھے جانے پر انہوں نے کہا:’ ’ہم کانگریس کے ساتھ بات کر رہے ہیں تاکہ ان کی چٹھی آجائے ان کی طرف سے چٹھی آجانے کے فوراً بعد ہم راج بھون جائیں گے آج کا دن ہم ان کو کارروائی کرنے کے لئے دیا ہے‘‘۔
اس سے قبل آج تیسرے روز بھی ریاست بھر سے پارٹی لیڈران، عہدیداران ، کارکنان ،عام شہریوں کے علاوہ دینی، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر آکر انہیں مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوگوںکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اصل طاقت لوگوں کی طاقت ہوتی ہے۔ عوام طاقت کا شرچشمہ ہے اور سرداری عوام کا حق ہے ، نیشنل کانفرنس کا بنیادی اصول رہاہے اور پارٹی اپنے اسی اصول پر گامزن ہے۔ انہوںنے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کیساتھ ہی نئے چیلنجوں کی شروعات ہوئی ہے اور ہمیں متحد ہوکر ان چیلنجوں کا متحد ہوکر سامنا کرناہے۔ ہماری اس ریاست کی تہذیب و تمندن ، زمینوں اور روزگار کو خطرہ لاحق ہے۔ بے روزگاری ، معیشی بدحالی اور منشیات کے استعمال جیسے مشکل چیلنجوں کا بھی ہمیں ڈٹ کر مقابلہ کرناہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کی صورت میں ہی ہم لوگوں کو راحت پہنچا سکتے ہیں اور ہمیں ہر حال میں پارٹی کو مقدم سمجھنا ہوگا ۔

https://lazawal.com/

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا