حیدرآباد20جولائی (یواین آئی) شہرحیدرآباد کی عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء نے سمسٹر امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ بارش کی پرواہ کئے بغیر اویو مہیلا ہاسٹل کے سامنے احتجاج کیاگیا۔ان احتجاجیوں نے کہا کہ یو جی سی کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق، 90 دنوں تک کلاسوں کے انعقاد کے بعد امتحانات منعقد کئے جانے چاہئے۔ طلباء نے الزام لگایا کہ حکام 68 دنوں میں امتحانات کروانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے کہ امتحانات ملتوی کیے جا رہے ہیں یا پھر وائس چانسلر آکر جواب دیں۔ طلباء نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ وائس چانسلر نے ان کے مسائل کے حل کے لیے کوئی جواب نہیں دیا۔