مکہ مکرمہ، //رواں سال عازمین حج شدید گرمی میں اپنا فریضہ انجام دیں گے۔
شدید گرمی کے پیش نظر سعودی عرب کی وزارت صحت نے حجاج کرام کو خبراد کرتے ہوئے کہا کہ اس سال شدید گرمی سب سے بڑا چیلنج ہے جو عازمین حج کی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔
اسی حوالے سے محکمہ موسمیات نے بھی بتایا کہ اس حج کے دوران مکہ اور دیگر مقدس مقامات پر اوسط درجہ حرارت میں ڈیڑھ ڈگری اضافہ دیکھا جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے جبکہ اس دوران ہیٹ ویو کا بھی امکان ہے۔
ادھر وزارت صحت نے عازمین حج کو گرمی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت صحت نے تمام افراد کو چھتری اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کرنے کے ساتھ کسی بھی قسم کی تکلیف اور تھکن کی صورت میں کچھ دیر آرام کرنے کی ہدایت کی ہے۔