لازوال ڈیسک
جموں// شیو سینا (یو بی ٹی) اور عام آدمی پارٹی کی جموں کشمیر یونٹ نے اپنی زمینوں کو بچانے اور زیر تعمیر رنگ روڈ میں قبضہ شدہ زمینوں کا معاوضہ دلانے کے لیے میرا صاحب میں گزشتہ 62 دنوں سے جاری دھرنا مظاہرے میں شمولیت اختیار کی۔ ان کے مطالبات کی حمایت کی۔وہیںشیوسینا کے ریاستی سربراہ منیش ساہنی، آپ کے سینئر لیڈر محفوظ چوہدری اور ترجمان نرمل مہانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاک میرا صاحب کے گاؤں بال سلطان کے باشندوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کئی دہائیوں سے ان کے زیر قبضہ زمینوں کو زبردستی خالی کر کے انہیں بے گھر کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ان کی زیر تعمیر رنگ روڈ کی زمینوں پر قبضے کا معاوضہ بھی نہیں دیا جا رہا ہے۔
ان زمینوں پر گاؤں کے مقامی باشندے کئی دہائیوں سے بادشاہوں اور مہاراجوں کے زمانے سے قابض ہیں۔ یہ لوگ زمین کے ان ٹکڑوں پر اپنے چھوٹے چھوٹے گھر بنا رہے ہیں اور کھیتی باڑی کر کے اپنے خاندان کا پیٹ پال رہے ہیں۔ حکومت انہیں ایک ہی بار میں کیسے بے گھر کر سکتی ہے۔ ساہنی نے کہا کہ وزیر اعظم ہر ایک کو مکان دینے کا وعدہ کرتے ہیں لیکن جموں و کشمیر کی انتظامیہ عام اور غریب لوگوں کی دہائیوں پرانی زمین کو سرکاری قبضے میں لینے میں مصروف ہے۔ اس کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کے محفوظ چودھری نے زمین پر کئی دہائیوں پرانے قبضے کو غیر قانونی قرار دینے والے حکم کو آمرانہ قدم قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی نرمل مہانا نے کہا کہ حکومت تقریباً ہر ماہ اس طرح کے احکامات جاری کر رہی ہے جس سے عام آدمی کی زندگی براہ راست متاثر ہوتی ہے۔