نئی دہلی، //شمالی ہندوستان کے کچھ علاقوں میں سردی کی لہر کا سلسلہ جاری ہے اور کہرے کے سبب قومی دارالحکومت میں منگل کی صبح ریل اور ہوائی ٹریفک ہوئی، جس سے سینکڑوں مسافروں کو ہوائی اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے دہلی آنے والی 28 ٹرینیں گھنے کہرے کی وجہ سے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ہاوڑہ-نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس اور بھونیشور-نئی دہلی راجدھانی ایکسپریس کم از کم چار سے پانچ گھنٹے تاخیر سےچل رہی ہیں۔
کہرے کی وجہ سے حد بصارت بھی کم ہوگئی، جس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن میں خلل پڑا ہے اور دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے کچھ پروازیں منسوخ ہوگئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 6.9 ڈگری درج کیا گیا جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔ آج ہوا کا معیار ‘شدید’ زمرے میں ریکارڈ کیا گیا۔ آنند وہار علاقے میں صبح 8.00 بجے ہوا کے معیار کا انڈیکس 403 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور اتر پردیش کے کچھ حصوں میں 26 جنوری کی صبح تک گھنے کہرے چھائے رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ جموں ڈویژن، دہلی، مغربی اتر پردیش اور جھارکھنڈ میں کہرے کی وجہ سے حد بصارت کم ہوگئی ہے۔