حزب المجاہدین کے ڈویژنل کمانڈر سمیت 2 جنگجو ہلاک
احتجاجی مظاہروں کاخدشہ،ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں یک روزہ تعطیل ،موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع
یواین آئی
- سرینگر؍؍شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور میں پیر کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میںحزب المجاہدین کے ڈویژنل کمانڈر سمیت دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ مقامی جنگجوؤں کی ہلاکت کے تناظر میں احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں احتیاطی اقدامات کے طور پر یک روزہ تعطیل کے اعلان کے علاوہ موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی ہیں۔ ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کامیاب آپریشن انجام دینے پر سیکورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا ’سوپور میں آج صبح ایک مشترکہ آپریشن میں حزب المجاہدین کے 2 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا‘۔ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت حزب المجاہدین کے ڈویژنل کمانڈرپرویز احمد وانی عرف پرویز گلورہ ساکنہ گلورہ ہندواڑہ اور نعیم احمد نجار ساکنہ براٹھ کلان سوپور کے بطور کی گئی ہے۔ کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد خان نے یو این آئی کو بتایا ’جنگجوؤں کی لاشوں کی شناخت کے عمل کے دوران ہمیں پتہ چلا کہ مارے گئے جنگجوؤں میں ایچ ایم کا ڈویژنل کمانڈر پروزیر گلورہ بھی شامل ہے۔ دوسرے جنگجو کی شناخت براٹھ کلان سوپور کے رہنے والے نعیم احمد کے بطور ہوئی ہے‘۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ پرویز گلورہ کو جنگجوؤں سے متعلق اے پلس پلس زمرے میں رکھا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے دو اے کے 47 رائفلیں، ایک انساس رائفل اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نتیش کمار نے مسلح تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سوپور کے شنکر گنڈ براٹھ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس ، فوج اور سینٹرل ریزرو پولیس فورسز نے مذکورہ گاؤں میں پیر کی صبح تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ ریاستی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’براٹھ سوپور میں ہونے والے مسلح تصادم میں ریاستی پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا‘۔ ذرائع نے بتایا کہ شنکر گنڈ براٹھ مین ٹاون سوپور سے محض تین کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کے طور پر بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے تمام تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع بارہمولہ کے مختلف علاقوں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کا اقدام سوشل میڈیا پر کسی بھی طرح کی افواہ بازی کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔