یواین آئی
سری نگر؍؍شمالی کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور اور ہندواڑہ میں بدھ کے روز معمولات زندگی مسلسل دو دنوں تک معطل رہنے کے بعد بحال ہوگئے۔شمالی کشمیر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سوپور اور ہندواڑہ کے تمام حصوں میں بدھ کی صبح دکانیں اور تجارتی مراکز کھل گئے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی بحال ہوئی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں بھی معمول کا کام کاج بحال ہوا۔ اس کے علاوہ بدھ کی صبح تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بحال ہوئیں۔ ضلع بارہمولہ میں انٹرنیٹ خدمات کم از کم بارہ گھنٹوں کی معطلی کے بعد منگل کی رات دیر گئے بحال کی گئی تھیں۔ خیال رہے کہ ایپل ٹاون سوپور کے شنکر گنڈ براٹھ میں پیر کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے ایک مسلح تصادم میںحزب المجاہدین کے ڈویژنل کمانڈر سمیت دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت حزب المجاہدین کے ڈویژنل کمانڈرپرویز احمد وانی عرف پرویز گلورہ ساکنہ گلورہ ہندواڑہ اور نعیم احمد نجار ساکنہ براٹھ کلان سوپور کے بطور کی گئی تھی۔ جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف سوپور اور ہندوارہ میں مسلسل دو دنوں تک ہڑتال رہی۔ سیکورٹی اداروں نے ایچ ایم ڈویژنل کمانڈر پرویز گلورہ کو جنگجوؤں سے متعلق اے پلس پلس زمرے میں رکھا تھا۔