شری اَمرناتھ جی یاترا ۔2024؛یاتریوں کاوالہانہ استقبال

0
0

سانبہ،اودھمپور،رامبن ،کولگام اورسرینگرکے ضلع ترقیاتی کمشنران نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ یاتریوں کوکہاخوشآمدید!
لازوال ڈیسک

جموں؍؍شری امرناتھ جی یاترا2024-کاباقاعدہ آغاز29جون سے ہورہاہے ،ایل جی منوج سنہانے جموں سے28جون کو پہلے قافلے کوسرینگر روانہ کیاجو سخت سیکورٹی بندوبست کے درمیان سرینگر پہنچ گیا وہیں جموں وکشمیرپولیس سربراہ، ومختلف اضلاع میں ضلع ترقیاتی کمشنران نے یاتراکے قافلوں کاگلدستے پیش کرتے ہوئے ویاتریوں کو پھول مالائیں پہناتے ہوئے استقبال کیا۔
اس سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ضلع اِنتظامیہ سانبہ نے آج تپیال میں شری امرناتھ جی یاترا ۔2024 کے پہلے قافلے کا گرمجوشی سے اِستقبال کیا۔ اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر ابھیشیک شرما اور سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس ونے کمار عقیدتمندوں کا اِستقبال کرنے کے لئے موجود تھے۔ سانبہ کے مقامی باشندوں نے بھی یاتریوں کا خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ بات چیت کی۔اِس تقریب میں اے ڈی سی سریش شرما، ایس ڈی ایم گدھوال سنینا مہتا اور سول اِنتظامیہ ، اَفسران ،سیکورٹی فورسز، مذہبی رہنماؤں اورسرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔
ابھیشیک شرما نے عقیدتمندوں کو آرام دہ اور محفوظ یاترا کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ایک خوشگوار روحانی سفر کو یقینی بنانے کے لئے تمام رہنما اَصولوں پر عمل کریں۔یاتریوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا، ضلع اِنتظامیہ اور شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کا اُن کو فراہم کی گئی جامع سیکورٹی، قیام و طعام اور دیگر سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ اَدا کیا۔ جامع اِنتظامات نے شری امرناتھ جی یاترا کے تجربے کوملک کے مختلف حصوں سے آنے والے عقیدت مندوں کے لئے آسان اور محفوظ بنایا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے دیگر اَفسروںکے ہمراہ یاتریوں کے ساتھ گفتگو کی اور لنگر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں رائے حاصل کی۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع اِنتظامیہ نے شری امرناتھ شرائین بورڈ ، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مل کر یاتریوں کے لئے قیام و طعام اور دیگر ضروری خدمات کے لئے وسیع اِنتظامات کئے ہیں۔دوپہر کے کھانے سے لطف اندوز ہونے اور نوناتھ اور چیچی ماتا پر آر ایف آئی ڈی جاری کرنے کے بعد یاتریوں نے جموں کی طرف اپنا سفر جاری رکھا۔
شری امرناتھ جی یاترا 2024 کے یاتریوں کے پہلے جتھے کا یہاں کالی ماتا مندر ٹکری میں ضلع انتظامیہ ادھم پور کی طرف سے شاندار استقبال کیا گیا۔ڈی آئی جی ادھم پور – ریاسی رینج رئیس محمد بھٹ نے یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر سلونی رائے؛ ایس ایس پی جوگندر سنگھ؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جوگندر سنگھ جسروتیا۔کالی ماتا مندر ٹکری میں بڑی تعداد میں مقامی لوگ اور دیگر افسران بھی یاترا کے استقبال کے لیے موجود تھے جن میں 4603 یاتری شامل تھے جن میں 3631 مرد، 711 خواتین، 237 سادھو 15، سادھویاں اور 9 بچے شامل تھے۔
اس موقع پر محکمہ اطلاعات ادھم پور نے ایک تھیم پر مبنی ثقافتی پروگرام کا اہتمام کیا جس میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول اور سینک کوآپریٹو پبلک ہائی اسکول ٹکری کے طلباء شامل تھے جس کی یاتریوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے بھی تعریف کی۔حکام نے یاتریوں پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دوران حکومت کی طرف سے فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کا استعمال کریں اور اس سے فائدہ اٹھائیں۔ زائرین کو بیس کیمپ اور راستے میں ان کے لیے کیے گئے انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ یاتریوں نے سول اور پولس انتظامیہ ادھم پور کے جذبہ خیر سگالی کے جذبے کو سراہا۔
وہیںضلعی اِنتظامیہ رام بن نے آج اَمرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے پہلے قافلے کا والہانہ اِستقبال کیا۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر بصیر الحق چودھری، ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج شری دھر پاٹل، ایس ایس پی انوج کمار، اے ڈی سی ورونجیت سنگھ چاڈک، اے سی آر ایس ہرپال سنگھ اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اِستقبالیہ تقریب میں ڈی ڈی سی ممبررینوکا کٹوچ اور مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں سمیت معزز شخصیات نے شرکت کی۔ ان کی شمولیت نے اس تقریب کی اہمیت، امرناتھ جی یاترا کی کامیابی اور حفاظت کو یقینی بنانے میں کمیونٹی کے باہمی تعاون کے جذبے کو اُجاگر کیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے دیگر معززین کے ساتھ مل کر یاتریوں کا تہہ دل سے اِستقبال کیا اور رام بن ضلع میں جموں۔ سری نگر قومی شاہراہ کے ساتھ چندر کوٹ، لمبر۔ بانہال اور دیگر مخصوص مقامات پر قائم لنگروں اور یاتری نواس کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے اُن سے بات چیت کی۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے یاتریوں کے قیام اور سیکورٹی کیلئے جامع اِنتظامات کئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ یاترا رُکنے کی صورت میں قیام و طعام کے اِنتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ہیلپ لائن کاؤنٹروں کے ساتھ چوبیس گھنٹے ایمرجنسی طبی سہولیات کا اِنتظام کیا گیا ہے۔دراثنأ، ڈی آئی جی شریدھر پاٹل نے سیکورٹی اور یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات جیسے صفائی ستھرائی ، پانی ، بجلی ، فائر سیفٹی اور صحت نگہداشت کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ یاتریوں کی سہولیت اور حفاظت کے لئے تمام بنیادی اور ضروری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
شری امرناتھ جی یاترا کے لئے یاتریوں کا پہلا قافلہ آج صبح قاضی گنڈ میں نویوگ ٹنل پہنچا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام اَطہر عامر خان ، سینئر سپر اِنٹنڈنٹ آف پولیس کولگام ساحل سرنگل اور سول و پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر اَفسروں کے علاوہ سول سوسائٹی کے ممبران ، تاجر برادری ، فروٹ گرئوورس اور دیگر مقامی شہریوں نے تمام یاتریوں کا والہانہ اور گرمجوشی سے استقبال کیا۔سخت سیکورٹی اور دیگر اِنتظامات کے درمیان یاترا آج صبح شروع ہوئی۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے ایس ایس پی اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر اُنہیں یاترا کی طرف روانہ کیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کے پہلے قافلے کا آج سری نگر کے پانتھا چوک میں والہانہ اِستقبال کیا۔پوتر امرناتھ یاترا پر جانے والے یاتریوں کے اِفتتاحی گروپ کا مقامی اَفسران کی جانب سے گرمجوشی سے اِستقبال کیا گیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگرڈاکٹر بلال محی الدین بٹ، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سری نگر آشیش کمار مشرا اور دیگر سول اور پولیس اہلکار یاتریوں کو مُبارک باد دینے کے لئے موجود تھے۔
ضلع ترقیاتی سری نگر نے کہا کہ امرناتھ یاترا ہمارے لئے ایک اہم ایونٹ ہے اور ہم تمام یاتریوں کی حفاظت اور آرام کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’ہم کھلے دل سے تمام عقیدتمندوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ان کے سفر کے دوران ان کا ساتھ دینے کے لئے یہاں حاضر ہیں۔‘‘ضلع اِنتظامیہ نے یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جامع انتظامات کئے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے کہا کہ وسیع تیاریوں میں یاتریوںکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے حفاظتی اقدامات، طبی سہولیات اور لاجسٹک سپورٹ شامل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یاتری اس یقین کے ساتھ امرناتھ غار تک اپنے روحانی سفر کا آغاز کر سکتے ہیں کہ مقامی حکام ان کی فلاح و بہبود اور حفاظت کے لئے پُرعزم ہیں۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا