مالا پورم میں منعقدہ ’شب قدر‘‘روحانی دعاء کانفرنس اختتام پذیر،ملک وبیرون ممالک سے ملی ومذہبی قائدین سمیت لاکھوں فرزندان توحید کی شرکت
فلک شگاف کلمہ توحید کی گونج کے درمیان توبہ،استغفاراور شراب نوشی،دہشت گردی کے خلاف عہد لیا گیا
عبدالکریم امجدی
مالاپورم ؍؍شب قدر ‘رمضان المبارک کی آخری دس طاق راتوںمیں ایک عظیم الشان بابرکت رات ہے ۔جس رات کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل ہے ،اسی رات میں قرآن مقدس کا نزول ہوا۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا بے پناہ فضل وکرم اور احسان ہے کہ اس نے توبہ واستغفار کے لئے رمضان کے آخری عشرہ یعنی طاق راتوں کو بڑی اہمیت دی ۔تاکہ بندہ اس رات کی قدر کرے اور ذکر وصلوۃ ،توبہ استغفار کے زریعہ قرب خداوندی حاصل کرے ۔کیرل کے شہر مالاپورم میں جنوبی ہند کی عظیم دینی وعصری درسگاہ معدن ا لثقافۃ ،معدن اکیڈمی کے تحت ۲۷؍ویں شب قدر کو ایک روزہ شب بیداری ،عالمی روحانی کانفرنس ودعائیہ اجتماع کا انعقاد عمل میں آیا ۔جس میں ملک وبیرون ممالک کی عظیم ہستیاں،مذہبی قائدین،ریاست بھر کے علما ومشائخ سمیت لاکھوں فرزندان توحیدشریک ہوئے ۔اس موقع پر لاکھوں کے جم غفیر مجمع کا اجتماعی افطار ،سحر ،تراویح نماز،صلوۃ الاوابین ،صلوۃ التسبیح ،تلاوت ،اعتکاف جلسہ ،دعامجلس کا روح پرورمنظر تاریخ ساز رہا ۔گرانڈ مفتی شٰیخ ابوبکر احمد نے کہاکہ ریاست کے سبھی لوگ ملک کی سا لمیت کے تحفظ کے پابند ہیں ، ہر ہندوستانی کو ایک ماڈل اور اچھا شہری ہونا چاہئے ۔ نفرت وعداوت،انتشار واختلاف کی اسلام قطعی اجازت نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں انسانیت کی قدراورسماج ومعاشرہ کوجوڑنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔مسلمان اپنے صفوں میںاتحاد اور اخوت ومحبت، بھائی چارگی کا جذبہ پیدا کریں ۔باطل اور صیہونی طاقتوں کے سد باب کے لئے علم وحکمت کو ہتھیار بنائیں ۔شیخ نے کہا کہ مسلمان کو رب کی رحمتوں کا متلاشی اور عبادت سمیت اچھی چیزوں کا فروغ دینا چاہئے ۔شیخ نے کہاکہ تمام مذاہب کے پیشوا کو چاہئے کہ ملک میں امن واما ن ،گنگاجمنی تہذیب ،قومی یکجہتی کی سا لمیت میں اہم کردار ادا کریں ۔اس موقع پر لاکھوں کے جم غفیر مجمع سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے معروف صوفی بزرگ عالم اور معدن الثقافۃکے چیئرمین سید براہیم الخلیل بخاری نے کہاکہ شب قدر امت محمدیہ کے عظیم تحفہ ہے ،جو بھی قدر میں عبادت کرے گا۔اسکوہزارمہینوں کی عبادت سے زیادہ ثواب ملے گا ۔معدن چیئر مین نے کہاکہ کسی بھی چیلنجز کو قابوپانے کے لئے مسلمانوں کی بنیادی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ منشیات ایک بری چیز ہے جوصحت وسماج کے لئے ناسور ہے ۔شیخ ابراہیم خلیل بخاری نے کہاکہ روز بروز شراب نوشی میں اضافہ ہورہا ہے جوکہ اچھی بات نہیں ہے ۔ ہمیں اسکے خلاف جنگ چھیڑنے کی ضرورت ہے ۔پروگرام کی صدارت سنی جمعیۃ العلما کیرالہ کے صدرمولانا ای سلیمان نے کی ۔ اہم شرکاء میں سید علی بافقیہ،عبدالقادرمولانا،زین العابدین کنامنگلم ،ڈاکٹر حسین ثقافی ،ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری سمیت کئی اہم مقتدر شخصیات شریک رہیں ۔آخر میں رات کے سہ پہر میں لاکھوں روزہ دادروں کی موجودگی میں سید ابراہیم خلیل بخاری نے رقت آمیز دعاکی ۔ پورا مجمع فلک شگاف کلمہ توحیدکی گونج کے درمیان آمین کی صدائیں بلند کرنے لگا ۔ملکی امن وامان اور صلوۃ وسلام پر کانفرنس کا اختتا م ہوا ۔اس موقع پر ۵۵۵۵اراکین نے رضا کارانہ طور پر اپنے فرائض بحسن خوبی انجام دئے ۔