لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍جموںوکشمیر کے سٹیٹ الیکشن کمیشن نے آج پنچایت اِنتخابی فہرست 2023ء کے دوسرے ضمیمہ کی تیاری کے لئے آج شیڈول کا نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں کوالیفائنگ تاریخ یکم جنوری 2023ء مقرر کی گئی ہے۔اِس سلسلے میں یہاں جاری ایک پبلک نوٹس کے مطابق کہا گیا ہے کہ علاقے کے رائے دہندگان 20؍ ستمبر 2023ء سے 29؍ ستمبر 2023ء تک متعلقہ اِی آر او ایس میں موجودہ پنچایت اِنتخابی فہرست میں اِضافے ، حذف ، تصحیح اور اِندراجات سے متعلق دعوے اور اعتراضات ( فائل ) کو جمع کرسکتے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز ( اِی آر او ایس ) 20؍ ستمبر 2023ء ( بدھ) کوعوامی نوٹس حلقہ پنچایت میں اہم مقامات پر پنچایت اِنتخابی فہرست 2023آویزاں کریں گے ۔ اِس کے علاوہ 23؍ ستمبر 2023ء ( ہفتہ) اور 24؍ ستمبر 2023ء ( اتوار) کو پولنگ بوتھ مقامات پر خصوصی کیمپ منعقد کئے جائیں گے ۔ پنچایت الیکشن بوتھ آفیشلوں( پی اِی بی او یعنی وِی ایل ڈبلیو / ایم پی ڈبلیو / جی آر ایس)اسمبلی بی ایل اوز کے ساتھ پولنگ بوتھ مقامات پر رائے دہندگان کی رہنمائی کے لئے مطلوبہ فارم اور پنچایت رول 2023 کے ساتھ دستیاب رہیں گے۔دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ اِی آر او کے ذریعے دعوئوں اور اَعتراضات کو نمٹانے کا عمل 30؍ ستمبر 2023( سنیچروار) سے 6؍ اکتوبر 2023ء ( جمعہ)تک کیا جائے گا۔ دوبارہ ضمیمہ کے ساتھ ووٹر لسٹ کی اشاعت10؍ اکتوبر2023ء ( منگل) کو کی جائے گی۔پنچایت اِنتخابی فہرستوں کو یکم جنوری 2023ء کے حوالے سے کوالیفائنگ تاریخ کے طور پر اپ ڈیٹ/نظرثانی کیا گیا ہے اور حتمی پنچایت انتخابی فہرستیں 10 ؍ فروری 2023ء کو شائع کی گئی ہیں۔ اسی طرح موجودہ پنچایتوں کی میعاد 9؍ جنوری 2024ء ختم ہورہی ہے اور جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989 کے سیکشن 42 کے مطابق حلقہ پنچایت کے انتخابات میعاد ختم ہونے سے ایک ماہ قبل کئے جائیں گے۔ دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ سٹیٹ الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ پنچایتوں کی تشکیل کے لئے آنے والے انتخابات کے پیش نظر یکم جنوری 2023ء کے حوالے سے اَپنے نام شامل کرنے ، حذف کرنے ، درست کرنے ، تبدیل کرنے کے لئے ایک اور موقعہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔لہٰذا 10فروری 2023ء کو شائع شدہ آخری اَپ ڈیٹ شدہ اِنتخابی فہرست میں ناموں کو یکم جنوری 2023ء کے حوالے سے اہلیت کی تاریخ کے طورپر پبلک ڈومین میں پنچایت اِنتخابی فہرست 2023ء کے دوسرے ضمیمہ کی تیاری کے لئے رَکھا جائے گا۔ تاہم پنچایت رول کو اپ ڈیٹ کرنے کی کوالیفائنگ تاریخ یکم جنوری 2023ء ہی رہے گی۔اِس سلسلے میں کسی بھی مدد کے لئے متعلقہ ضلع پنچایت الیکشن آفیسر ( ڈی اِی پی او) ، الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر ( اِی آر او) ، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر ( اے اِی آر او) اور پنچایت الیکشن بوتھ آفیشل ( پی اِی بی او) سے رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ ان کی تفصیلات متعلقہ ضلع ، پنچایت الیکشن آفیسر کے دفاتر اور جموںوکشمیر سٹیٹ الیکشن کمیشن @ (secjk.nic.in)کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔