سوپور میں خوف ناک گرینیڈ دھماکہ

0
0

متعدد خواتین سمیت 20 افراد زخمی ، کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرنے کا منصوبہ : پولیس
کے این ایس

سوپور؍؍شمالی قصبہ سوپور میں سوموار سہ پہر کو ایک خوفناک گرینیڈ دھماکے میں متعدد خواتین سمیت 20 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو سرینگر تشویشناک حالت میں منتقل کیا گیا ۔ دھماکے کے فوراً بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آئوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ۔ ادھر ایس پی سوپور جاوید اقبال نے بتایا کہ جنگجو معمول کی کاروباری سرگرمیوں میں رخنہ ڈالنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور گرینیڈ دھماکہ اس کی بنیاد ہے ۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق شمالی قصبہ سوپور میں سوموار کی سہ پہر قریب ساڑھے 4 بجے بس اڈے کے نزدیک سیکورٹی فورسز پر ہتھ گولے سے حملہ کیا گیا ۔ نمائندے کے مطابق نامعلوم افراد بس اڈہ سوپور کے نزدیک نمودار ہوئے جہاں انہوں نے فورسز کو نشانہ بناتے ہوئے ایک گرینیڈ داغا جو سر راہ زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔ نمائندے کے مطابق دھماکے کے ساتھ ہی پورے بازار میں افرا تفری پھیل گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے ۔ نمائندے کے مطابق گرینیڈ کے اس خوفناک دھماکے میں آہنی ریزوں کی زد میں آکر متعدد خواتین سمیت 20 افراد زخمی ہوئے ۔ نمائندے نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع اسپتال سوپور منتقل کیا گیا جہاں سے 6 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا ۔ جن زخمیوں کو سرینگر منتقل کیا گیا ان میں رابیہ ریاض ساکنہ حیدرپورہ سرینگر ، سمینا زوجہ نثار احمد ساکنہ ہائیگام سوپور، عدنان قیوم ساکنہ کانلی باغ بارہمولہ ، عاقب احمد ڈار ولد علی محمد ڈار ساکنہ مہاراجپورہ سوپور ، ایرم دختر فاروق احمد ساکنہ جموں حال واڈورہ سوپوراور جبینہ ظہور زوجہ ظہور احمد ساکنہ ہائیگام سوپور شامل ہیں ۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس و فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آئوروں کی تلاش شروع کر دی جو گرینیڈ داغنے کے ساتھ ہی فرار ہوئے ۔ کے این ایس نمائندے کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایس پی سوپور جاوید اقبال نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے قصبہ سوپور میں معمولات زندگی آہستہ آہستہ پٹری پر لوٹ آرہے تھے اور لوگ معمول کی کاروباری سرگرمیاں انجام دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں رخنہ ڈالنے کیلئے ہی جنگجوئوں نے قصبہ سوپور میں گرینیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ۔ ایس پی سوپور نے کہا کہ منگلوار سے دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہونے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں قصبے میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ سنیچر کے روز کاک سرائے سرینگر میں ایک گرینیڈ دھماکے میں 6 فورسز اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔

FacebookTwitterWhatsAppShare

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا