سڑکوں،گلی کوچوں ،بازاروں میں غلاظت کے ڈھیر
ظہیر عباس
منڈی؍؍جہاں پورے دیش میں سرکاری وغیر سرکاری تنظیمیں سوچ بھارت ابھیان کا ڈنکا بجا رہے ہیں وہی پر سب ضلع اسپتال منڈی کے صدر دروازے نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی اور سرکار و غیر سرکاری تنظیموں کے دعوئوں کی پول کھول دی ہے ۔واضح رہے کہ سب ضلع اسپتال منڈی کے صدر دروازے کے باہر گزشتہ پانچ روز گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں جس سے اسپتال میں آنے جانے والے مریضوں اور تیمارداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مشتاق احمد ایک عام شہری کے مطابق ان کا گزر روزانہ اسپتال کے سامنے سے ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئیدنوں سے انہوں نے اس گندگی کے ڈھیر کو جوں کا توں دیکھا ۔انہوں نے کہا کہ اس کی بدبو کی وجہ سے مریض تو مریض بازار سے گزر نے والا ہر شخص مرض میں مبتلا ہو جائے گا۔ منڈی بازار میں محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے صفای ستھرائی کا کوئی بھی کام نہیں ہوتا۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے ملازمین محض تہواروں کے موقع پر بازار کی صفائی کرتے ہیں باقی دنوں بازار میں گندگی کے ڈھیر پڑے رہتے ہیں جو کہ سوچ بھارت ابھیان کا مذاق بنا ہوا ہے ۔منڈی کے ذی شعور لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی ہے کہ وہ منڈی بازار میں صفای کرمچاریوں کی تعیناتی کو عمل میں لایں تاکہ سوچ بھارت ابھیان کا مقصد پورا ہو سکے۔