ممبئی، //بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر 5 کروڑ روپے تاوان کی دھمکی ملی ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے یہ رقم ادا نہیں کی تو انہیں گولی مار دی جائے گی۔
پولیس حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ حکام کو شبہ ہے کہ یہ دھمکی خونخوار لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ایک گینگسٹر نے جاری کی ہے۔
https://x.com/BeingSalmanKhan
انہوں نے کہا کہ ممبئی پولیس نے سلمان کے گھر، گورے گاؤں فلم سٹی اور دیگر اسٹوڈیوز میں ان کی شوٹنگ، ان کے دفتر، خاندان کے کنٹری ہاؤس، پنویل (رائے گڑھ) میں ارپیتا فارمس اور اداکار کے کام کے راستوں اور ان کے آنے والوں کی نگرانی سخت کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق، ممبئی ٹریفک پولیس کو بھتہ خوری کی دھمکی ملی تھی، جس میں مبینہ طورپر اداکار اور جیل میں بند بشنوئی کے درمیان جاری تنازعہ کو حل کرنے کے لیے 5 کروڑ روپے کی رقم دینے کی بات کہی گئی ہے۔ وہاٹساپ پر آنے والے دھمکی آمیز پیغام میں کہاگیا تھا، ’’اگر سلمان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور بشنوئی کے ساتھ اپنی دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اسے ہلکے میں نہ لیں، ورنہ ان کی (سلمان) کی حالت بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو جائے گی۔
پیغام میں خبردار کیا گیا کہ اگر تاوان کی رقم ادا نہ کی گئی تو سلمان کی حالت نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر بابا ضیاء الدین صدیقی سے بھی بدتر ہو سکتی ہے، جنہیں 12 اکتوبر کو باندرہ ایسٹ میں بے دردی سے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے ممبئی پولیس نے دھمکی بھیجنے والے شخص کے ماضی کے ریکارڈ، بھتہ خوری- جان سے مارنے کی دھمکی کے پیچھے اس کے ارادوں وغیرہ کی چھان بین شروع کر دی ہے۔