سری نگر، //بھاری برف باری کے باعث ایک ہفتے تک بند رہنے کے بعد وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر جمعرات کو ٹریفک کی یک طرفہ نقل وحمل بحال کر دی گئی۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ بارڈر روڈس آرگنائزیشن نے مشینری اور ورکرس کو کام پر لگا کر زوجیلا پاس کے مختلف مقامات پر جمع برف کو ہٹایا جس کے بعد شاہراہ کو دو بارہ کھول دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بیکن حکام کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کو سونہ مرگ سے کرگل جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مسافر بردار گاڑیوں کو چلنے کی ترجیح دی گئی ہے جس کے بعد اشیائے ضروریہ سے لدی گاڑیوں خاص طور پر سبزیوں سے بھری ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر فی الوقت بڑی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں ہے۔
بتادیں کہ شاہراہ کے بند ہونے سے سونہ مرگ اور دراس میں سینکڑوں مسافر بر دار اور سبزیوں سے لدی گاڑیاں در ماندہ ہوئی ہیں۔