گلیوں اور عوامی مقامات کے بہترین شہری ڈیزائن کے ساتھ کوئی بھی سرینگر شہر کی روح کو محسوس کر سکتا ہے :سنہا
لازوال ڈیسک
سرینگر ؍؍لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج سرینگر میں ’ سڑکوں اور عوامی مقامات ‘ پر اسمارٹ سٹیز مشن کی دو روزہ قومی ورکشاپ کا افتتاح کیا ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے سرینگر میں قومی ورکشاپ کے انعقاد کیلئے ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے میٹرز ، میونسپل کمشنرز ، چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور 100 سمارٹ شہروں کی نمائیندگی کرنے والے افسران کا جموں و کشمیر میں سرینگر سمارٹ سٹی کے پروجیکٹ دوروں کے ذریعے علم کے اشتراک اور تجربات حاصل کرنے کا خیر مقدم کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ شہر کا سب سے اہم عنصر اس کے لوگ ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے اور جدید سہولیات کے ساتھ جمالیات کو بڑھانے ، معیار زندگی کو یقینی بنانے اور شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے متحرک عوامی مقامات کا ہونا بھی اتنا ہی اہم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرینگر سمارٹ سٹی ملک کے دیگر شہریوں کیلئے ایک رول ماڈل ہے جس میں پیدل چلنے والوں کیلئے موثر پلازے ، واٹر فرنٹ پر تفریحی مقامات ہیں ۔ سڑکوں اور عوامی مقامات کے بہترین شہری ڈیزائن کے ساتھ کوئی بھی اس شہر کی روح کو محسوس کر سکتا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے افتتاحی سیشن میں مختلف اقدامات جیسے سرینگر اسکوائر ، پانی کے بہاؤ کو بحال کرنے کیلئے گھاٹوں کی خوبصورتی ، جھیل کے کنارے کی تجدید ، پرانے شہر کے ورثے کا تحفظ ، سرینگر کو ماہرین کیلئے ایک عظیم ترغیب دینے والی جگہوں کی خوبصورتی کے بارے میں بات کی ۔ انہوں نے کہا عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کی رہنمائی میں ہم منصوبہ بند اور پائیدار طریقے سے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرینگر سمارٹ سٹی کو تیار کرتے ہوئے ہم نے انسان پر مبنی نقطہ نظر کو اپنایا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ روائتی فن و ثقافت ، وراثت ، سمارٹ سہولیات ، سمارٹ گورننس اور پائیداری کے عنصر سماجی مساوات پر مبنی ہوں تا کہ رہائشیوں کو اعلیٰ معیار کی زندگی فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے چیلنجز اور عوام کی بڑھتی ہوئی امنگوں کا مقابلہ کرنے کیلئے شہروں کو ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ’’ شہروں کو شہریوں کی ضروریات ، مسابقت اور مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کا جواب دینے کیلئے لچکدار ہونا چاہئیے اور اقتصادی ترقی کیلئے بنیادی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا چاہئیے ‘‘۔ مئیر سرینگر میونسپل کارپوریشن مسٹر جنید عظیم مٹو ، مرکزی سیکرٹری ہاوسنگ اور شہری امور کی وزارت مسٹر جوشی ( ورچوئل موڈ کے ذریعے شامل ہوئے ) اور جوائینٹ سیکرٹری MoHUA مسٹر کنال کمار نے سرینگر شہر کے تبدیلی کے سفر پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جے اینڈ کے ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، سی ای او سرینگر سمارٹ سٹی ، مختلف ریاستوں /مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پرنسپل سیکرٹریز اور شہری تبدیلی کے ماہرین نے بھی افتتاحی اجلاس میں شرکت کی ۔