سوچھ بھارت مشن یا ابھیان ملکی سطح کے بڑے اقدام میں سے ایک ہے ۔ سال 2014میں وزیر اعظم کے ذریعہ شروع کردہ یہ ملک گھیر صفائی ستھرائی ابھیان اس وقت اپنے دوسرے مرحلے میں ہے ۔ جبکہ اس مشن کی کامیابی کا ندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سوچھ مشن ابھیان اس وقت ایس بی ایم گرامین اور ایس بی ایم اربن کے تحت شہری اور دیہاتی دونوں سطح پر شد و مد سے جاری ہے ۔ وہیں دونوں سطح پر مشن کی کامیابی اور عمل آوری کو لیکر بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں جو قابل تعریف ہیں ۔واضح رہے ملک بھر میں سوچھ بھارت مشن نے گزشتہ چند سالوں میں کئی نقوش چھوڑے ہیں اور مشن کے چلتے کئی دیگر ملکوں نے بھی اس سمت کام کرنا شروع کر دیا ہے ۔ جبکہ ہمارے پڑوسی نیپال نے تو باضابطہ طور پر بھارت کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے اپنے ملک میں بھی سوچھ مشن کی شروعات کی ہے۔ علاوہ ا زیںملک بھر میں مشن کی تکمیل اور کامیابی کیلئے دیگر کئی سرگرمیاں کی جا رہی ہیں۔ وہیں گزشتہ روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے نئی دلی کے بھارت منڈپم میں شریک ریاستوں اور شہروں کو سرویکشن ایوارڈس پیش کئے۔ اس موقع پر مکانات اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔جن کی موجودگی میں ملک کے صاف ستھرے شہروں کو ان ایوراڈ سے نوازہ گیا ۔ جن میں اندور ، سورت اور نوی ممبئی جیسے شہرپہلے تین مقام پر رہے ہیں ۔ اسی طرح ایک لاکھ آبادی والے زمرے میں جموں و کشمیر کا ہولی ٹائون تصور کیا جانے والا کٹرا شہر بھی شامل ہے جس سے ملک میں ایک صاف ستھرا شہر کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ جو وقعہ ہی یوٹی جموں و کشمیر کیلئے ایک فخر کی بات ہے ۔ تاہم اس سے دیگر یوٹی کے شہروں کو بھی سیکھنا چاہئے کہ اپنے ہاں کس طرح سے صفائی ستھرائی کو برقرار رکھا جائے ۔ وہیں ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ مرکزی سرکار اور دیگر تنظیموں نے سووچھ بھارت مشن کو ملک میں ایک عوامی تحریک بنانے میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔ جبکہ محترمہ دروپدی مرمو نے یہ بھی کہاکہ سووچھ بھارت مشن سے ان لاکھوں لوگوں کو روزی روٹی بھی فراہم کی جاسکی ہے جو اس مشن سے وابستہ ہیں۔ صدر جمہوریہ نے سووچھ بھارت مشن میں اہم رول ادا کرنے کیلئے صفائی مِتروں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کا رول اس مشن میں قابل قدر رہا ہے۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کو دنیا کا سب سے صاف ستھرا ملک بنانے کی سمت کام کریں۔وہیں صدریہ جمہوریہ کے یہ کلمات ملک کے نوجوانوں کو حوصلہ بخشتے ہیں کہ وہ اس سمت توجہ دیں اور ملک کو صاف ستھرا بنانے میں اپنے کلیدری کردار اد کریں ۔