دہشت گردی کے گیٹ وے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو مودی نے بند کردیا :شاہ
یواین آئی
نئی دہلی؍؍مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے دہشت گردی کا گیٹ وے تھا اور وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں ختم کرکے اس گیٹ وے کو بند کر دیا ہے ۔ مسٹر شاہ نے مرد آہن کے نام سے مشہور ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی جینتی کے موقع پر جمعرات کو یہاں میجر دھیان چند اسٹیڈیم سے ‘یونیٹی ریس ’کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور وہاں موجود لوگوں کو ملک کے اتحاد و سالمیت کا حلف دلا یا۔ اس سے قبل مسٹر پٹیل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد اپنے خطاب میں مسٹر شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے ملک میں دہشت گردی کا گیٹ وے تھا اور مسٹر مودی نے انہیں ختم کر کے دہشت گردی کے دروازے کو بند کرنے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح مسٹر مودی نے جموں و کشمیر کو ہندوستان میں باقاعدہ طور سے شامل کرکے بڑے مسئلہ کوحل کیا ہے ۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک 550 ٹکڑوں میں بٹا ہوا تھا اور مسٹر پٹیل نے ان تمام ریاستوں کو ہندوستان میں ضم کرکے ایک ’اکھنڈ بھارت‘ کا خواب دیکھا تھا۔ اس وقت جموں کشمیر کا ہندوستان میں انضمام تو ہو گیا تھا لیکن آرٹیکل 370 اور 35 اے ملک کے لئے بڑا مسئلہ بن گئے تھے ۔ گزشتہ 70 برسوں میں کسی نے ان مسائل کے حل کی سمت میں قدم نہیں اٹھایا لیکن مسٹر مودی نے سردار پٹیل کے اس ادھورے خواب کو پورا کر دکھایا۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک کو اتحاد کی لڑی میں پرونے والے سردار پٹیل کو جائز مقام نہیں دیا گیا اور انہیں فراموش کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔خواہ انہیں بھارت رتن دینے کی بات ہو؛ ان کامجسمہ لگانے کی بات ہو یا پھر پارلیمنٹ میں ان کا آئیل پینٹ لگانے کی بات ہو ہر بار ان کو فراموش کیا گیا۔ مسٹر مودی نے سردار پٹیل کی عزت و توقیر بڑھانے اور ملک کی جانب سے اظہارتشکر کے لئے گجرات کے کیوڑیا میں ان کا مجسمہ‘اسٹیچو آف یونٹی’ بنوایا جو دنیا میں سب سے بلند ہے ۔ بعد میں امت شاہ نے اسٹیڈیم میں موجود تقریبا 10 ہزار سے بھی زائدہ لوگوں کو ملک کے اتحاد و سالمیت برقرار رکھنے کے لئے حلف دلایا۔ اس کے بعد انہوں نے دنیا بھر میں باکسنگ میں ملک کا پرچم لہرانے والی خاتون باکسر میریکام کی موجودگی میں یونٹی ریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یونٹی ریس اسٹیڈیم سے شروع ہوکر امر جوان جیوتی پر ختم ہوا۔ اس موقع پر شہری امور کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری، انسانی وسائل و ترقی کے وزیر رمیش پوکھریال نشنک، کھیل اور نوجوان امور کے وزیر کرن رجیجو، وزیر داخلہ جی کشن ریڈی اور دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل مسٹر شاہ نے صبح چھ بجے پٹیل چوک پر واقع سردار پٹیل کی مورتی کو پھولوں کا مالا پہناکران کو خراج عقیدت پیش کی تھی۔