نئی دہلی، (یو این آئی) کرناٹک کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر سدھا رمیا نے الزام لگایا ہے کہ ریاستی حکومت آئینی کی دھجیاں اڑا رہی ہے ۔ انہوں نے اس صورتحال سے صدر رام ناتھ کووند کو واقف کرانے کے لئے ان سے ملنے کا وقت طلب کیا۔مسٹر سدھا رمیا نے اس تعلق سے مسٹر کووند کو خط لکھ کر کہا کہ 2018 میں جنتادل ایس کے ساتھ اتحاد کرکے ان کی پارٹی نے گٹھ بندھن حکومت تشکیل دی تھی لیکن لوک سبھا انتخابات کے بعد بھارتیہ جنتاپارٹی نے اتحاد کے 17 ارکان اسمبلی کو اپنے حق میں کرکے اتحادی حکومت گرادی اور خود اقتدار پر قابض ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد ریاست میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور ریاستی حکومت آئین کی دھجیاں اڑا رہی ہے ۔ خود وزیراعلی بی ایس یدی یو رپا غیر آئینی کام کررہے ہیں اور بار بار آئین کی حدود کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔
حزب اختلاف کے لیڈر نے صدر کو لکھا کہ ساری صورتحال سے انہیں واقف کرانے کے لئے وہ ایک نمائندہ وفد کے ساتھ ان سے ملنا چاہتے ہیں۔ نمائندہ وفد میں ریاستی کانگریس صدر دنیش گُنڈو راؤ، قانون ساز کونسل کے لیڈر ایس آر پاٹل کے ساتھ ہی ریاست سے مرکز حکومت کے وزیر رہنے والے لیڈروں اور متعدد ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں ۔