پارٹی کے ریاستی نائب صدر یشپال کنڈل نے کنڈی میں پارٹی کارکنان سے کیا تبادلہ خیال
لازوال ڈیسک
سانبہ؍؍ ضلع سانبہ کے انڈین نیشنل کانگریس کے کارکنوں نے سانبہ اسمبلی کے تحت کنڈی علاقے میں ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا جس میں کانگریس پارٹی کے ریاستی نائب صدر اور سابق وزیر یشپال کنڈل اور ضلع صدر سنجیو شرما بطور مہمان خصوصی پہنچے۔ اس دوران انہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے اور اس کی پالیسیوں کو عوام تک لے جانے پر بات کی۔وہیں کنڈل نے لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں لگاتار غیر اعلانیہ بجلی کی کٹوتی کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔ کنڈل نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے غیر اعلانیہ کٹوتیوں کو جلد بند نہیں کیا تو کانگریس عوام کی خاطر سڑکوں پر اترے گی۔
اس موقع پر عوام سے بات کرتے ہوئے ضلع صدر سنجیو شرما نے کہا کہ حکومت ایک طرف اسمارٹ میٹر لگا کر عوام کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کرنے کا دعویٰ کررہی ہے۔ دوسری جانب عوام کو بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے اور چھوٹے تاجروں کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کو آبپاشی کے لیے پانی نہیں مل رہا۔ لوگوں سے بات کرتے ہوئے سنجیو نے افسوس کا اظہار کیا کہ بجلی کے شدید بحران نے قصبوں اور دیہاتوں میں عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے عوام سے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔