یواین آئی
جموں؍؍جموں وکشمیر کے سانبہ ضلع میں موٹار شیل پھٹنے سے مقامی نوجوان کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جموں کے سانبہ ضلع کے جنگلی علاقے میں دو نوجوانوں نے بارودی شیل کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جس دوران زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دونوں شدید طورپر زخمی ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ دھماکے کی آوازسنتے ہی آس پاس رہائش پذیر لوگ فوری طورپر جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے نوجوان کو مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت 19سالہ پون سنگھ ولد کلدیپ سنگھ کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی کی پہچان روشن سنگھ ولد کاکا سنگھ کے بطور کی گئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔