ضلع میں غیر قانونی کان کنی کے پیش نظر اہم اجلاس منعقد،متعلقہ کمیٹی کو سخت ہدایات جاری
راکیش چوہدری
سانبہ؍؍سانبہ میں ملٹی ڈپارٹمنٹ ٹاسک فورس نے، ابھیشیک شرما آئی اے ایس ڈی سی کی سربراہی میں، ضلع کے اندر غیر قانونی کان کنی کے مسئلے سے نمٹنے کے مقصد سے ایک اہم میٹنگ بلائی۔ وہیںمیٹنگ میں پولیس، کان کنی، ریونیو، فوڈ کنٹرول، جنگلات اور دیگر سمیت مختلف محکموں کے اہم اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کیا گیا۔تاہم میٹنگ کے دوران، غیر قانونی کان کنی کے وسیع چیلنج سے سختی سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کے سلسلے کا خاکہ پیش کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین ڈی سی سانبہ نے جامع ہدایات جاری کیں ۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں میں ملوث گاڑیوں کی رجسٹریشن کی فوری منسوخی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کان کنی کے غیر قانونی طریقوں میں مصروف اداروں کے خلاف ایف آئی آر کا تیزی سے اندراج کیا جائے اور انٹیگریٹڈ اسمارٹ چیک پوسٹوں کا قیام کیا جائے تاکہ غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں کی نگرانی اور ان پر مؤثر طریقے سے قابو پایا جائے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ تحصیل سطح کی ملٹی ڈیپارٹمنٹل ٹاسک فورس کی ماہانہ جائزہ میٹنگز منعقد ہوں اورگاؤں کی سطح اور تحصیل سطح کی کمیٹیاں فوری ضروری قانونی کارروائیوں کے لیے ضلعی سطح پر خلاف ورزیوں کی اطلاع دیں۔