شاہ ہلال
اننت ناگ؍؍ ریڈیئنٹ پبلک اسکول اننت ناگ میں تین روزہ سالانہ کامیابیوں کی نمائش جمعرات کو اختتام پذیر ہوئی۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس فرقان قادر نے ریڈیئنٹ میں سالانہ اچیومنٹ نمائش کے فیز 3 اسپورٹس گیلری کا افتتاح کیا۔ تقریب کے موقعہ پر طلباء سے بات چیت کے دوران انہوں نے کھل کر ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی زبرست تعریف کی۔ فرقان قادر نے دیہی علاقے میں واقع ہونے کے باوجود قومی سطح پر مقابلہ کرنے کی ریڈیئنٹ کی شاندار صلاحیت کو سراہتے ہوئے، قومی معیارات کے مطابق ہنر کو فروغ دینے کے ادارے کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کی کہانی کا مرکز ریڈیئنٹ کی سرشار فیکلٹی ہے، جو اکثر پردے کے پیچھے کام کرنے والے گمنام ہیرو ہیں۔فرقان نے کہا کہ وہ تعلیمی تبدیلی کے بین الاقوامی معیار کے مطابق جامع ترقی کی قومی تعلیمی پالیسی پر عملدرآمد کے لیے ریڈیئنٹ پبلک سکول کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے سکول کے منتظمین کے کام کاج کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کے انعقاد سے بچے برے کاموں سے دور رہیں گے اس لیے ایسے پروگرام منعقد کیے جانے چاہے۔ادھر تیسرے روز بھی سکول میں زیر تعلیم بچوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین نے بھی اچیومنٹ نمائش میں بھر پور شرکت کی۔اس موقعہ پر نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے بچوں نے کہا کہ یہ پروگرام منعقد کرنے سے انہیں کافی فائدہ پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں شرکت کرکے انہوں نے ان تین دنوں بہت کچھ سیکھا ہے۔ طلباء نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ جبکہ والدین نے اسطرح کے پروگرام منعقد کرنے پر اسکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ منعقدہ پروگرام سے نہ صرف بچوں کی دلچسپی بڑھی جاتی ہے بلکہ انہیں اپنا ٹیلنٹ نکھارنے کا موقعہ بھی فراہم ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سالانہ کامیابیوں کی نمائش کا پروگرام منگل کو شروع ہوا جس میں 300 سے زائد طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور مختلف موضوعات پر قریباً 200 ماڈلز پیش کئے گئے اور جمعرات کو نمائش جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔