انگریزوں کے زمانے کی تاریخی عمارت رکھنے والے بلاس پور اسٹیشن کی تصویر اب بدلے گی
یواین آئی
بلاس پور؍؍وزارت ریلوے کی بلند نظر ’امرت بھارت اسٹیشن‘اسکیم میں شامل ساؤتھ ایسٹ سنٹرل ریلوے (ایس ای سی آر) کے ہیڈکوارٹر اسٹیشن بلاس پور کی 40-50 برسوں میں مسافروں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے از سر نو تعمیر کی تیاریاں جاری ہیں۔’امرت بھارت اسٹیشن‘اسکیم کے تحت مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے گزشتہ اگست میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے 500 سے زیادہ ریلوے اسٹیشنوں کی بحالی کے کام کا آغاز کیا تھا۔ ان اسٹیشنوں میں بلاس پور کا اسٹیشن بھی شامل ہے۔ تقریباً 28 ایکڑ پر پھیلے بلاس پور اسٹیشن پر اگلے 40-50 سالوں میں آنے والے مسافروں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ریلوے ملک کی لائف لائن ہے اور مسافروں کی خدمت کو آسان بنانے کے لئے مسلسل جدید ترین ٹیکنالوجی، سہولیات اور انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کی سمت میں ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں کی کایاکلپ پر کام کاجارہا ہے۔ شہروں کی شناخت ریلوے اسٹیشن سے بھی جڑی ہوتی ہے اور بلاسپور شہر کی تاریخ میں بلاسپور ریلوے اسٹیشن نمایاں طور پر جڑا ہوا ہے۔ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کا مقصد سہولیات کو متعارف کرانے کے ساتھ موجودہ سہولیات کی اپ گریڈیشن پر کام کرنا ہے۔منصوبے کے تحت، بلاسپور شہر کے دونوں اطراف میں مناسب انضمام کے ساتھ اسٹیشن کو سٹی سنٹر کے طور پر تیار کرنے اور شہر کو دونوں طرف سے جوڑنے کے لیے ایک ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ انگریزوں کے زمانے کی جھلک پیش کرتی اسٹیشن کی عمارت کا ڈیزائن چھتیس گڑھ کی مقامی ثقافت، ورثے اور فن تعمیر سے متاثر ہو گا اور شہر کی خوبصورتی کی عکاسی کرے گا۔ریلوے ذرائع کے مطابق اس وقت بلاس پور اسٹیشن سے روزانہ تقریباً 65800 مسافر سفر کر رہے ہیں، جب کہ اسے آنے والے 40 سے 50 سالوں میں مسافروں کی ممکنہ تعداد کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ اسٹیشن کے داخلی اور خارجی راستوں کو الگ الگ کیا جارہا ہے، تاکہ مسافروں کو بھیڑ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ایک ساتھ تقریباً 780 مسافروں کے بیٹھنے کے لیے کنکورس میں 880 مربع میٹر ویٹنگ ایریا کا انتظام ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ 1300 سے زائد گاڑیوں کے لیے تقریباً 31 ہزار مربع میٹر پارکنگ ایریا کا التزام کیا گیا ہے۔ تین نئے فٹ اوور برج، پہلا اسٹیشن میں داخلے کے لیے، جو 95.4 میٹر لمبا اور 6 میٹر چوڑا ہے، دوسرا اسٹیشن سے باہر نکلنے کے لیے، جو 81.9 میٹر لمبا اور 6 میٹر چوڑا ہے اور تیسرا اسٹیشن کے داخلے کے لیے ایک اور اس کی لمبائی 99.9 میٹر اورچوڑائی 6 میٹرکا التزام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 6000 مربع میٹر کنکورس کا التزام کیا گیا ہے جس میں 1700 مربع میٹر کا کمرشل ایریا ہوگا جس میں کاروباری ادارے اور دکانیں ہوں گی۔ معمر اور معذور مسافروں کی خصوصی سہولت کے لیے 31 لفٹیں اور 21 ایسکلیٹرز بنائے جائیں گے، جس سے مسافروں کو ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پلیٹ فارم پر جانے میں آسانی ہوگی۔ پارسل سروس کی نقل و حرکت کو مسافروں کی آمدورفت کے علاقے سے الگ کرکے ایک نئی عمارت میں منتقل کیا جائے گا اور پارسل گودام کو موجودہ 300 مربع میٹر سے بڑھا کر تقریباً 1100 مربع میٹر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے لیے صاف توانائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے 20500 مربع میٹر میں اسٹیشن کی چھت پر 1200 کلو واٹ صلاحیت کا سولر پاور پلانٹ نصب کیا جائے گا۔