لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ٹیکس میں حصہ داری کے طور پر مرکز سے 12.47 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔پچھلے مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینوں کے مطابق ریاستوں کو 2023-24 میں ٹیکس کے حصہ کے طور پر 11.04 لاکھ کروڑ روپے ملے تھے۔بجٹ کے کاغذات کے مطابق موجودہ مالی سال میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں منتقلی کا تخمینہ تقریباً 23.49 لاکھ کروڑ روپے رہنے کا اندازہ ہے۔ ان میں ٹیکسوں میں ریاستوں کی حصہ داری، کچھ اہم اسکیموں اور پروگراموں اور اشیاء کے تحت امداد اور گرانٹ، مالیاتی کمیشن کی سفارشات کے تحت شہری اور دیہی علاقوں کے مقامی اداروں ، ریاستی آفات ریلیف فنڈ وغیرہ کے لئے امداد، مرکزی اسکیموں کے لیے ریاستوں کو سرمایہ اور ریونیو اکاؤنٹ پر دی جانے والی رقم اور دہلی، پڈوچیری اور جموں و کشمیر میں کل منتقلی پرادا کی جانے والی رقم شامل ہے۔
سال 2023-23 کے نظرثانی شدہ بجٹ تخمینوں کے مطابق ان اشیاء کے تحت مرکز سے ریاستوں کو کی گئی کل منتقلی 20.99 لاکھ کروڑ روپے سے کچھ زیادہ تھی۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) جیسے اہم سربراہوں کے تحت منتقلی کا تخمینہ تقریبا 2.25 کروڑ روپے ہے جو پچھلے سال 1.61 کروڑ روپے تھا۔مالیاتی کمیشن کے گرانٹس کے تحت ریاستوں کو اس مالی سال میں مجموعی طورپر 1.32 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے، جو کہ پچھلے سال کے 1.40 لاکھ کروڑ روپے (نظرثانی شدہ تخمینہ) سے کم ہے۔ سال 2022-23 میں اس شرح کے تحت ریاستوں کو کل ملاکر 1.73 لاکھ کروڑ روپے دیے گئے تھے۔
یہ کمی ٹیکس میں حصہ داری کے بعد محصولات کے خسارے کو پورا کرنے کے لیے دی جانے والی گرانٹس کی دفعات میں مسلسل آرہی گراوٹ کا نتیجہ ہے۔اس سال اس آئٹم کے تحت کل ٹرانسفر کا تخمینہ 40778 کروڑ روپے رہے گا جب کہ گزشتہ مالی سال میں اس آئٹم کے تحت حقیقی منتقلی 51673 کروڑ روپے تھی۔ مالی سال 2022-23 میں ریونیو خسارے کی گرانٹ 86201 کروڑ روپے تھی۔موجودہ مالی سال میں شہری اداروں کے لیے گرانٹ کو بڑھا کر 25653 کروڑ روپے (تخمینہ) رکھا گیا ہے۔ اسی طرح دیہی اداروں کے لیے 49800 روپے کی منظوری کا انتظام کیا گیا ہے۔ پچھلے سال کے نظر ثانی شدہ تخمینوں میں یہ اعداد و شمار بالترتیب 49800 کروڑ روپے اور 40778 کروڑ روپے تھے۔
اس کے علاوہ اس بار مرکزی اسپانسرڈ اسکیموں کے لیے ریاستوں کو 6.87 لاکھ کروڑ روپے دینے کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال اس شرح کے تحت 6.36 لاکھ روپے دیے گئے تھے۔اس بار مرکزی اسکیموں کے تحت دہلی، پڈوچیری اور جموں و کشمیر کو کل ملاکر 57798 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ پچھلے سال اصل منتقلی 56757 کروڑ روپے تھی۔