(13اگست یوم پیدائش کے موقع پر)
ممبئی، 12 اگست (یو این آئی) سری دیوی کا اصل نام سری یمّا ینگر تھا۔ ان کی پیدائش 13 اگست 1963 کو تامل ناڈو کے ایک چھوٹے سے گاؤں مینم پٹی میں ہوائی تھی۔سری دیوی نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز محض چار برس کی عمرمیں تامل فلم سے کیا تھا۔ سال 1976 تک انہوں نے جنوبی ہند کی کئی فلموں میں بچوں کے کردار ادا کئے۔ بطور اداکارہ ان کی پہلی تامل فلم مندرو مودیچی تھی۔
سال 1977 میں ریلیز ہونے والی تامل فلم’ 16 بھیانتھنلے‘ کی کامیابی کے بعد سری دیوی کی ایک اسٹار اداکارہ کے طور پر شناخت قائم ہوئی۔ہندی فلموں میں ان کے کیریئر کی پہلی فلم ’سولہواں ساون‘ سال 1979 میں ریلیز ہوئی تھی۔ لیکن یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔اس کے بعد سری دیوی نے بالی وڈ فلمی صنعت چھوڑکر دوبارہ جنوبی ہند کی فلموں کا رخ کیا۔ اس کے بعد سال 1983 میں انہوں نے ایک بار پھر بالی وڈ کا رخ کیا اور وہ فلم ہمت والا میں جتیندر کے ساتھ نظر آئیں۔ ہمت والا کی کامیابی کے بعد وہ ہندی فلموں میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔
سال 1983 میں سری دیوی کے فلمی کیریئر کی ایک اور فلم ریلیز ہوئی جو ٹکٹ کھڑکی پر ناکام ثابت ہوئی لیکن فلمی نقاد مانتے ہیں کہ وہ فلم سری دیوی کے فلمی سفر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔
سال 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم نگینہ ان کے فلمی کیریئر کی بڑی ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس فلم میں انہوں نے ایک ناگن کا رول ادا کیا تھا۔ اس فلم میں ان پر عکس بند کیا گیا نغمہ ’میں تیری دشمن، دشمن تو میرا‘ کافی مقبول ہوا تھا۔اس نغمے میں اپنے بہترین رقص سے انہوں نے ناظرین کو کافی محظوظ کیا۔سال 1987 کی ان کی فلم مسٹر انڈیا نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ یہ فلم بچے بڑوں سبھی نے کافی مقبول ہوئی۔