نئی دہلی 23 جولائی ( یواین آئی) مالی سال 25-2024کے مرکزی بجٹ میں روزگار پیدا کرنے، ہنرمندی کے فروغ اور دیگر مواقع کے لیے 2 لاکھ کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے مرکزی بجٹ میں کہا کہ اگلے پانچ سال کے لیے وزیر اعظم کے پیکیج میں 2 لاکھ کروڑ روپے مختص کرنے کے ساتھ، روزگار، ہنرمندی کے فروغ اور دیگر مواقع کے لیے پانچ اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔ اس سے 4.1 کروڑ نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔
ان میں سے تین اسکیمیں ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے ذریعے نافذ کی جائیں گی۔ ای پی ایف او میں پہلے رجسٹرڈ ملازمین کو 15,000 روپے تک کی تین قسطوں میں ایک ماہ کی تنخواہ کا براہ راست فائدہ منتقل کیا جائے گا۔ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ملازمت کے پہلے چار سالوں میں ملازم اور آجر دونوں کو ای پی ایف اوکی شراکت کے مطابق براہ راست مراعات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، آجروں کو دو سال تک ہر اضافی ملازم کے لیے 3,000 روپے ماہانہ تک ان کی ای پی ایف او تعاون کی ادائیگی کی جائے گی۔