ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مداخلت کر اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں پر قدغن لگانے کا کیا مطالبہ
لازوال ڈیسک
پونچھ// مرکزی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز نے تمام اہل وطن اور بالخصوص امت مسلمہ کو عبادت کے مقدس مہینے رمضان کے آغاز پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس رمضان المبارک میں ہم غریبوں، یتیموں، بے سہارا بزرگوں، معذوروں، بیواؤں اور ضرورت مندوں کو سحری اور افطاری دے کر خدا کی خوشنودی حاصل کر سکتے ہیں۔ زوراور سنگھ شہباز نے کہا کہ اس مقدس مہینے میں جہاں تلاوت کا حکم ہے وہیں خدمت کا بھی حکم ہے لیکن یہ مہینہ شروع ہوتے ہی تمام دکاندار پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کر کے لوٹ مار مچا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈپٹی کمشنر پونچھ یاسین چوہدری اور یو ٹی جموں و کشمیر کے تمام ڈپٹی کمشنروں سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مسئلہ میں ذاتی طور پر مداخلت کریں، تاکہ نمازیوں اور غریب لوگوں کو اس لوٹ مار سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر فرنٹ کے رکن بشیر احمد جٹ اور دیگر لوگ موجود تھے۔