لازوال ڈیسک
جموں؍؍اپنی پارٹی صوبائی صدر جموں وپل بالی نے وزیر داخلہ امت شاہ سے اپیل کی ہے کہ رفیوجیوں کے حق میں منظور شدہ25لاکھ روپے میں سے بقیہ رقم واگذار کی جائے۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں انہوں نے کہاکہ رفیوجیوں کو وزیر داخلہ سے اْمید ہے اور وہ بقیہ رقم کی واگذاری کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رفیوجی لوگ نقل مکانی کرنے اور جموں میں الاٹ کردہ اراضی پر آباد کئے جانے کے بعد سے سخت مشکلات کا شکار ہیں۔رفیوجیوں کے لئے ایک جگہ سے اپنا سب کچھ چھوڑ کر دوسری جگہ دوبارہ زندگی شروع بہت مشکل تھا۔ جب مرکزی سرکار نے اْن کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا تو اْنہیں کافی راحت ملی لیکن پیکیج کے تحت دی جانے والی رقم کی واگذاری میں تاخیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ رفیوجیوں کے اس مسئلہ کو انسانی بنیاد پر دیکھے اور بلا تاخیر بقیہ رقم واگذار کی جائے۔ انہوں نے رفیوجی نوجوانوں کی پیرا ملٹری اور بھارتیہ فوج میں بھرتی کے لئے خصوصی ریکروٹمنٹ مہم شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔