نئی دہلی، // کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ عوامی مباحثے کی دعوت کو جمہوریت کے لیے ایک مثبت پہل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی بحث سے متعلقہ پارٹی کے نقطہ نظر کو سمجھنے اور آپشن کا انتخاب کرنے میں مدد ملے گی۔
اس سلسلے میں سابق جج مدن بی لوکر، سابق جج اجیت پی شاہ اور صحافی این رام کی طرف سے موصول ہونے والی دعوت کا جواب دیتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ کانگریس بحث کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ مسٹر گاندھی نے کہا تھا کہ وہ مسٹر مودی کے ساتھ کسی بھی مسئلہ پر عوامی بحث کے لئے تیار ہیں اور اگر ایسا ہوتا ہے تو وہ خود یا کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اس میں حصہ لیں گے۔
مسٹر راہل گاندھی نے کہاکہ "ایک صحت مند جمہوریت کے لیے بڑی پارٹیوں کے لیے ایک پلیٹ فارم سے ملک کے سامنے اپنا وژن پیش کرنا ایک مثبت پہل ہوگی۔ کانگریس اس پہل کا خیرمقدم کرتی ہے اور بحث کی دعوت قبول کرتی ہے۔ ملک کو وزیر اعظم سے بھی اس بات چیت میں شرکت کی توقع ہے۔
انہوں نے خط کے جواب میں لکھاکہ ‘میں نے مسٹر کھڑگے جی سے آپ کی دعوت پر بات کی ہے۔ ہم اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ اس طرح کی بحث سے ہمارے نقطہ نظر کو سمجھنے اور انتخاب کرنے میں مدد ملے گی۔
کانگریس لیڈر نے درخواست کی ہے کہ بحث کے لئے مقررہ جگہ اور وقت کے بارے میں آگاہ کیا جائے تاکہ اس میں حصہ لینے کی تیاری کی جاسکے۔