پران پرتشٹھا تقریب کیلئے اجودھیا میں سیکورٹی سخت،اجودھیا کی سرحدیں پہلے ہی سیل
لازوال ڈیسک
اجودھیا؍؍اترپردیش کے ضلع اجودھیا میں رام مندر میں رام للا کے پران پرتشٹھا تقریب سے ایک دن قبل اجودھیا کو پوری طرح سے روشن کردیا گیا ہے۔ وہیں مذہبی جوش و خروش میں اضافہ کرتے ہوئے، ہندو مذہبی گروؤں و دیگر مہمانوں کی اس تقریب میں شرکت کے لئے آمد کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔معروف شخصیات، سنیما اسٹار اور حکمراں جماعت بی جے پی کے سینئر لیڈران کے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔22جنوری کو ہونے والی تقریب کے لئے تقریبا 8ہزار مہمانوں کو مدعوکیا گیا ہے۔پران پرتشٹھا تقریب کی قیادت وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے اور وہی رام مندر میں رسومات کی ادائیگی کریں گے۔ ہفتوں سے مشتہر کی جانے والی رام مندر افتتاح کی تقریب کی مہم پیر کو پائے تکمیل کو پہنچ جائے گی۔رام للا کے پران پرتشٹھا تقریب کے پیش نظر 22جنوری کو مرکزی حکومت نے دفاتر میں نصف یوم کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔جبکہ متعدد بی جے پی اقتدار والی ریاستوں نے بھی اپنے یہاں چھٹیوں کا اعلان کیا ہے۔رام مندر کے افتتاح کی یہ تقریب آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کی ہندی ریاستوں میں ووٹروں کو اپنی جانب مائل کرنے کی ایک اسٹریٹجی کے طور پر دیکھی جارہی ہے۔مین اپوزیشن جماعت کانگریس نے مندر کے افتتاح کو بی جے پی۔ آر ایس ایس کے پروگرام سے تعبیر کیا ہے اور پارٹی کے سینئر لیڈر ملکا ارجن کھڑگے و سونیا گاندھی نے تقریب میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔دیگر متعدد اپوزیشن رہنماؤں نے بھی یہ کہتے ہوئے اس تقریب میں شرکت سے منع کردیا ہے کہ وہ 22جنوری کے بعد جب پوری طرح سے مندر بن کر تیار ہوجائے گی پھر اپنیاہل خانہ کے ساتھ مندر کا درشن کریں گے۔وہیں دوسری طرف بی جے پی نے عام عوام کو اس تقریب میں کسی نا کسی طرح شریک کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر رابطہ مہم چلائی ہے۔ اور افتتاحی تقریب کو ہندوستان کی سب سے بڑی مذہبی تقریب کے طور پر منا رہی ہے۔بھگوان پارٹی رام مندر تحریک میں پیش پیش تھی۔وہیں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے تنظیم کی ویب سائٹ پر شائع اپنے ایک مضمون میں ا جودھیا میں رام مندر کے پران پرتشٹھا کی تقریب کو بیداری قومی حمیت سے تعبیر کیا ہے۔ایودھیا پہنچنے والے قابل ذکر لوگوں میں باگیشور دھام کے دھیریندر شاستری، اداکار رجنی کانت اور آرٹ آف لیونگ کے شری شری روی شنکر شامل ہیں۔رام مندر میں رام للا کے پران پرتشٹھا تقریب کے پیش نظر اجودھیا میں سیکورٹی کو سخت کردیا گیا ہے۔ تقریب کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دیگر شخصیات پیر کو اجودھیا میں ہونگی۔آفیشیل ذرائع نے بتایا کہ اجودھیا میں فل پروف سیکورٹی کے پیش نظر 17 سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مع 44 اڈیشنل ایس پی اور 140سرکل افسر کو تعینات کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی 208 انسپکٹر،1196 ایس ئی، 4300 کانسٹیبل اور2100 ٹرینی ایس آئی کو تعینا ت کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ علاوہ ازیں 590 خاتون کانسٹیبل، پی اے سی کی 26 کمپنیاں اور سی اے پی ایف کی 7 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ساتھ ہی این ایس جی،آر اے ایف، اے ٹی ایس اور ایس ٹی ایف بھی سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔ذرائع نے بتایا کہ پران پرتشٹھا تقریب کے پیش نظر اجودھیا کی سرحدیں پہلے ہی سیل کی جاچکی ہیں۔ اترپردیش کے ضلع مہوبہ میں مدھیہ پردیش کی بین ریاستی سرحد کو بھی سیل کردیا گیاہے۔یہ 60کلو میٹر طویل سرحد ہے۔پولیس نے متعدد لنک روٹس بشمول دو بڑے ہائی وے پر چیک پوسٹس لگائے ہیں۔ان پر سخت چیکنگ کے بعد ہی گاڑیوں کو آنے جانے دیا جارہا ہے۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اپرنا گپتا نے بتایا کہ 22 جنوری کو اجودھیا میں ہونے والی تقریب کے پیش نظر ضلع میں پولیس انتظامیہ کو الرٹ موڈپر رکھا گیا ہے اور اپنے متعلقہ علاقے میں لگاتار گشت کرنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا فرد کے پائے جانے پر فوری کاروائی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔انٹیلیجنس سسٹم کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ ہوٹل، ڈھابہ ، بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن اور ضلع کے دیگر تمام بڑے مقامات کی لگاتار چیکنگ کی جارہی ہے۔تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واردات کو انجام دینے کا منصوبے بنانے والے شرپسند عناصر کو ان کی حرکت سے باز رکھا جاسکے۔